کوہستان میں مٹی کا تودہ گاڑیوں پر گر گیا، 2 افراد جاں بحق
خیبر پختونخوا کے ضلع اپر کوہستان کے علاقے لوٹر میں مٹی کا تودہ 2 گاڑیوں پر گر گیا، جس کے نتیجے میں 2 بھائی جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
اپر کوہستان کے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر (اے اے سی) خیب گل نے ڈان کو تصدیق کی کہ یہ واقعہ آج صبح کے اوقات میں پیش آیا، جب داسو اور رائے کوٹ کے درمیان ایک سڑک ایک آئل ٹینکر اور پولٹری سپلائی کرنے والے ٹرک مٹی کا تودہ گرنے کے بعد کھائی میں جا گرے۔
اپر کوہستان ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جاں بحق ہونے والے بھائیوں کی شناخت 32 سالہ اسلام زادہ اور 33 سالہ صاحبزادہ کے نام سے ہوئی۔
اس میں مزید کہا گیا کہ ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ جہانزیب اور 42 سالہ محمد نیاز زخمی ہوئے۔
خیب گل نے بتایا کہ دونوں بھائیوں کی لاشیں ناقابل شناخت ہیں کیونکہ وہ ملبے کے نیچے آگئے جبکہ دونوں کا تعلق شانگلہ کی بشام تحصیل سے تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میتوں کو ان کے آبائی علاقوں میں منتقل کرنے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ سڑک کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ قراقرم ہائی وے پر لوتر میں سڑک بلاک ہے، تاہم مشینیں بھیج دی گئی ہیں تاکہ ملبہ ہٹایا کر سڑک ٹریفک کے لیے کھولی جا سکے۔
گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں 2 مارچ سے بارشوں کے ایک اور سلسلے کی پیش گوئی کی تھی۔
محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ اس دوران خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ/ برفانی تودے گرنے کا امکان ہے۔
مزید بتایا تھا کہ بالائی خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب/ اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے، محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور پہاڑی علاقوں میں آنے جانے والے مسافروں کو دوران محتاط رہنے کا مشورہ بھی دیا۔