ہالینڈ: پیٹرول پمپ پر چوری کے 9 سال بعد ضمیر جاگنے پر چور نے سرنڈر کردیا
ہالینڈ کی پولیس تقریباً ایک دہائی بعد پیٹرول پمپ پر ڈکیتی کے کیس کو حل کرنے میں کامیاب ہوگئی، یہ اس وقت ممکن ہوا جب چور کا ضمیر جاگ گیا اور اس نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
ڈان اخبار میں شائع فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق سردخانے میں پڑا یہ کیس 18 جنوری 2016 کا ہے، ہالینڈ کے جنوبی قصبے ٹرنوزن میں ایک ڈاکو نے پیٹرول پمپ سے چند سو یورو چوری کر لیے تھے۔
کیشئر چور کی تفصیلات بتانے میں کامیاب رہا اور پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا، لیکن اس آدمی کا پتا نہیں چل سکا اور معاملہ حل نہیں ہوسکا تھا۔
پولیس نے ایک پرجوش بیان میں بتایا کہ اب تک حکام کا کہنا ہے کہ ایک 28 سالہ شخص جو اب ارنہیم میں رہتا ہے، وہ اپنے کیے پر ’پشیمان‘ تھا، حال ہی میں اس نے اپنے آبائی شہر میں خود کو پولیس کے حوالے کیا ہے۔
اس شخص نے جرم پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ نقد رقم واپس کرنا چاہتا ہے، استغاثہ اب اس بات پر غور کر رہا ہے کہ کیس کو کس طرح آگے بڑھایا جائے۔