• KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:21am
  • LHR: Fajr 4:25am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:26am Sunrise 5:51am
  • KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:21am
  • LHR: Fajr 4:25am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:26am Sunrise 5:51am

آسٹریلیا کو شکست، بھارت پانچویں بار چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا

شائع March 4, 2025
— فوٹو: آئی سی سی
— فوٹو: آئی سی سی
— فوٹو: آئی سی سی
— فوٹو: آئی سی سی
— فائل فوٹو: آئی سی سی
— فائل فوٹو: آئی سی سی
— فوٹو: اے پی
— فوٹو: اے پی

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کا دوسرا فائنل نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کل ہوگا، فاتح ٹیم 9 مارچ (اتوار) کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت سے مدمقابل ہوگی۔

بھارت نے پانچویں بار آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے، پہلی بار بھارت نے سال 2000 میں ہونے والی دوسری ہی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی جہاں نیوزی لینڈ پہلی بار بھارت کو شکست دے کر چیمپئن بن گیا تھا۔

بھارتی ٹیم نے سال 2002 میں ہونے والی اگلی چیمپئنز ٹرافی میں ایک بار پھر فائنل میں رسائی حاصل کی لیکن کولمبو میں ہونے والا فائنل بارش سے متاثر ہوگیا تھا جس کے بعد سری لنکا اور بھارت کو مشترکہ چیمپئن قرار دیا گیا تھا۔

بھارتی ٹیم تیسری بار 2013 میں ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچی اور انگلینڈ کو فائنل میں شکست دے کر دوسری بار چیمپئن بنی۔

چوتھی بار بھارتی ٹیم نے 2017 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، جہاں پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں بھارت کو شکست دے کر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اہم ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جہاں آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.3 اوورز میں 264 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، بھارت نے ویرات کوہلی کے 84 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف 2 اوورز پہلے ہی حاصل کرلیا۔

بھارت بیٹنگ

بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے کپتان روہت شرما کو ابتدائی اوورز میں ہی دو مواقع ملے لیکن اس کے باوجود وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، شرما 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ شبمن گل 8 رنز ہی بناسکے۔

کم ہدف کے باوجود آسٹریلیا کی جانب سے انتہائی ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا، روہت کے بعد ویرات کوہلی کو بھی ایک موقع دیا گیا جس کے باعث وہ شریاس ایئر کے ساتھ ملکر 91 رنز کی اہم شراکت قائم کرنے میں کامیاب رہے۔

شریاس ایئر 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو اکشر پٹیل نے بھی 27 رنز کی اننگز کھیل کر جیت میں اپنا حصہ ڈالا، ہارد پانڈیا نے 28 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ کے ایل راہل 42 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی جیت میں ویرات کوہلی نے اہم کردار ادا کیا، انہوں نے نہ صرف اپنی نصف سینچری مکمل کی بلکہ وہ 98 گیندوں پر 84 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں صرف 5 چوکے شامل تھے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا اور ناتھ ایلس نے 2،2 جب کہ بین دوارسوئس اور کوپر کونولی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

آسٹریلیا بیٹنگ

اس سے قبل، بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کینگروز کی جانب سے جارح مزاج اوپننگ بلے باز میٹ شارٹ کے ان فٹ ہونے پر نوجوان بلے باز کوپر کونولی کو ٹیم میں شامل کیا گیا لیکن وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی محمد شامی کا شکار بن گئے۔

بھارت کے خلاف ہمیشہ اچھی کارکردگی دکھانے والے دوسرے اوپنر ٹرویس ہیڈ نے 33 گیندوں پر 39 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، وہ ورون چکرورتی کا شکار بنے، مارنس لبوشین 29 اور جوش انگلس 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کپتان اسٹیو اسمتھ نے اپنی نصف سینچری مکمل کی اور 36 اوورز میں تقریباً 200 رنز بورڈ پر ہونے کے باوجود اسمتھ جلد بازی میں دکھائی دیے اور ایک غلط شارٹ کھیلتے ہوئے انہوں نے اپنی وکٹ گنوادی، وہ 96 گیندوں پر 73 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

گلین میکسوئل نے پہلی گیند پر چھکا لگایا اور اگلی ہی گیند پر اکثر پٹیل نے میکسوئل کو کلین بولڈ کرکے کینگروز کی پریشانی میں اضافہ کردیا۔

الیکس کیری نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سینچری اسکور کی، وہ آخر تک وکٹ پر ڈٹے رہے لیکن بدقسمتی سے نصف سینچری مکمل کرنے کے بعد 61 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 3، رویندرا جدیجا اور ورون چکرورتی نے 2،2 جب کہ اکشر پٹیل اور ہاردک پانڈیا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارتی پلیئنگ الیون

سیمی فائنل کے لیے بھارتی ٹیم کپتان روہٹ شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شریاس ائیر، اکشر پٹیل، کے ایل راہل، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجہ، محمد شامی، کلدیپ یادیو، ورون چکرورتی پر مشتمل ہے۔

آسٹریلوی پلیئنگ الیون

آسٹریلوی ٹیم کوپر کونولی، ٹریوس ہیڈ، کپتان اسٹیون اسمتھ، مارنس لبھوشانے، جوش انگلس، ایلکس کارے، گلین میکس ویل، بین دوارشوئس، ناتھن ایلس، ایڈم زامپا اور تنویر سانگھا پر مشتمل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 3 اپریل 2025
کارٹون : 31 مارچ 2025