سپرہائی وے پر سلنڈر پھٹنے سے لگنے والی آگ نے لکڑی کی 150 دکانوں کو راکھ کا ڈھیر بنادیا
سپرہائی وے پر ریسٹورنٹ میں سلنڈر پھٹنے سے لگنے والی آگ سے لکڑی کی مارکیٹ کی 150 دکانیں جل گئیں۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ آگ تیزی سے ریسٹورنٹ سے قریبی لکڑی کی دکانوں تک پھیل گئی، اور معمارموڑ کے قریب پوری مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
تاہم اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔
ریسکیو 1122 کے اہلکار حسان خان نے ’ڈان‘ کو بتایا کہ چاکر ہوٹل کے باورچی خانے میں گیس سلنڈر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی جس نے قریبی گیس بھرنے والی دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ تیزی سے لکڑی سے بنی دکانوں کے باہر جھاڑیوں اور لکڑیوں کے ڈھیر تک پھیل گئی اور اس نے کچھ ہی دیر میں پورے بازار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
عہدیدار نے بتایا کہ 8 فائر ٹینڈر موقع پر پہنچے اور کئی گھنٹوں کی سخت کوششوں کے بعد آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ دوپہر 12:20 بجے کے قریب آگ لگنے کی اطلاع ملی تھی، ابتدائی طور پر انہوں نے دو فائر ٹینڈر اور ایک ایمبولینس بھیجی، بعد ازاں مسئلے کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے 4 مزید فائر ٹینڈرز، دو واٹر باؤزر اور 4 ایمبولینسز کے ساتھ موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کوششوں میں حصہ لیا۔
عہدیدار نے بتایا کہ آگ پر شام 5:15 بجے قابو پالیا گیا، تاہم دیر شام تک کولنگ کا کام جاری رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ فوری طور پر حقیقی مالی نقصانات کا تعین نہیں کیا جاسکتا، لیکن اندازہ ہے کہ بھاری مالیت کا مالی نقصان ہوا ہے۔