بیٹنگ کنسلٹنٹ محمد یوسف کا یوٹرن، دورہ نیوزی کیلئے دستیابی ظاہر کردی
حال ہی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر ہونے والے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد یوسف دورۂ نیوزی لینڈ سے دستبردار ہوگئے تھے تاہم چند ہی گھنٹوں بعد انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے دستیابی ظاہر کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر کی جانب سے دورہ نیوزی لینڈ پر قومی ٹیم کے ساتھ جانے سے معذرت کے چند گھنٹے بعد ہی دستیابی ظاہر کی گئی۔
محمد یوسف بیٹی کی طبیعت خراب ہونے پر ٹیم کے ساتھ جانے پر شش و پنج میں تھے تاہم بیٹی کی صحت بہتر ہونے پر کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کنسلٹنٹ محمد یوسف نے دستیابی ظاہر کر دی اور اب وہ پاکستانی ٹیم کے ساتھ نیوزی لینڈ کے دورے پر جائیں گے۔
محمد یوسف کے مطابق ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بیٹی کی طبیعت اب بہتر ہے لہذا میں ٹیم کے ساتھ جا رہا ہوں، قومی ٹیم کے ساتھ جانا قومی فریضہ ہے جسے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے محمد یوسف کو دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان ٹیم کا بیٹنگ کنسلٹنٹ مقرر کیا گیا تھا۔
ذرائع نے بتایا کہ محمد یوسف نے ذاتی وجوہات کی بنا پر نیوزی لینڈ نہ جانے کا فیصلہ کیا، سابق ٹیسٹ کرکٹر نے اپنے اس فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد یوسف کے متبادل کے طور پر کسی کی تقرری نہیں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 12 مارچ کو نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوگی، پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ میں 5 ٹی20 انٹرنیشنل اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی۔
دورہ نیوزی لینڈ کے لیے سلمان علی آغا کو ٹی20 کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے جب کہ شاداب خان نائب کپتان ہوں گے، محمد رضوان، بابر اعظم اور نسیم شاہ کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا۔
اسی طرح، ون ڈے ٹیم میں بھی چھ تبدیلیاں کردی گئیں، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین اور عثمان خان کو ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کردیا گیا۔
اس سے قبل، آئی سی سی چیمپئنزٹرافی کے بعد عاقب جاوید کا عبوری کوچ کی حیثیت سے معاہدہ ختم ہوگیا تھا لیکن پی سی بی نے معاہدے میں 3 ماہ کی توسیع کردی تھی۔
تاہم قومی ٹیم کی بدترین کارکردگی پر شاہد اسلم کو فارغ کرکے محمد یوسف کو بیٹنگ کوچ مقرر کیا تھا۔
بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ عاقب جاوید دورہ نیوزی لینڈ میں عبوری ہیڈ کوچ کے طور پر کام جاری رکھیں گے، مستقل ہیڈ کوچ کی تلاش تک ان کی مدت میں توسیع کی گئی ہے۔
نیوزی لینڈ کے دورے میں پلیئر سپورٹ اسٹاف میں نوید اکرم چیمہ (ٹیم منیجر)، عاقب جاوید (عبوری ہیڈ کوچ) ، اظہر محمود (اسسٹنٹ کوچ)، محمد یوسف (بیٹنگ کوچ)، محمد مسرور (فیلڈنگ کوچ)، کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ)، ڈریکس سائمن (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، طلحہ بٹ ( انالسٹ )، ارتضی کمیل (سیکیورٹی منیجر) ، ڈاکٹر واجد علی رفائی (ٹیم ڈاکٹر)، سید نعیم احمد (میڈیا اور ڈیجیٹل منیجر) اور سرجیو باسل مولنز ( میسیور) شامل ہیں۔