میرپورخاص: پولیس لائنز میں آتشزدگی، سرکاری ہتھیاروں اور آنسو گیس کا بڑا ذخیرہ تباہ
میرپورخاص پولیس لائنز (رہائشی کمپلیکس) اور ملحقہ علاقے میں پولیس کے گولہ بارود کے اسٹور میں آگ لگنے کے بعد آنسو گیس اور دھواں بھرگیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق آگ سے آنسو گیس کے گولوں کے علاوہ پروپیلر بندوقوں اور دیگر ہتھیاروں کا ایک بڑا ذخیرہ تباہ ہوگیا۔
آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔
دھوئیں کے ساتھ آنسو گیس کے اخراج سے پولیس لائنز اور آس پاس کے علاقے کے رہائشیوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
آگ لگنے کے فوری بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس)، علاقے کی پولیس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی ٹیم پولیس ہیڈ کوارٹر پہنچ گئیں، فائر فائٹرز سخت کوششوں کے بعد دھماکے پر قابو پانے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد بی ڈی ایس نے وجہ معلوم کرنے کے لیے اسٹور کا معائنہ کیا۔
میرپورخاص کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ڈاکٹر سمیر نور چنا نے آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ ہاؤسنگ کمپلیکس کے رہائشیوں کو گیس اور دھوئیں کے اثرات سے بچانے کے آپریشن کی نگرانی کی۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ انہوں نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جس میں پولیس کے اسلحے اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ تباہ کیا گیا تھا۔