'اجمل ٹاپ باؤلر، حفیظ بہترین آل راؤنڈر'
دبئی :آسٹریلیا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ون ڈے ٹیموں کی درجہ بندی میں بدستورپہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔
ایک روزہ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں آسٹریلوی ٹیم 115 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر برقرار ہے۔
سری لنکا نے انگلینڈ کو حالیہ پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں 2-3سے شکست دی جس کی وجہ سے وہ ایک درجہ ترقی پا کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی۔
انڈین ٹیم تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئی جبکہ پاکستان کا چھٹا نمبر برقرار ہے۔
بلے بازوں میں انڈیا کے ویرات کوہلی پہلے، جنوبی افریقی اے بی ڈی ویلیئرز دوسرے، آسڑیلین جارج بیلی تیسرے، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ چوتھے، سری لنکا کے کمارسنگاکارا پانچویں، انڈیا کے مہیندر سنگھ دھونی چھٹے، پاکستانی مصباح الحق نویں نمبر پر موجود ہیں ۔
باؤلرز میں پاکستان کے سعید اجمل پہلے، جنوبی افریقی ڈیل سٹین دوسرے، ویست انڈین سنیل نارائن تیسرے جبکہ پاکستانی محمد حفیظ دسویں نمبر پر ہیں ۔
انگلینڈ کے جیمز ٹریڈویل سری لنکا کے خلاف کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں عمدہ پرفارمنس کی بناء پر 18 درجے ترقی پا کر 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
اسی طرح سری لنکن سپنر ساچتھرا سینا نائیکے 20 درجے بہتری کے بعد 13 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
پاکستان کے جنید خان سولہویں نمبر پر ہیں ۔
آل راؤنڈرز میں حفیظ پہلے، سری لنکا کے اینجلو میتھیوز دوسرے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن تیسرے نمبر پر ہیں ۔ شاہد آفریدی کا چھٹا نمبر ہے۔