• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 5:04pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 4:39pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 4:45pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 5:04pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 4:39pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 4:45pm

عیسائی جوڑے کے قاتلوں کو سزا دینگے، پرویز رشید

شائع November 10, 2014
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید—اے پی پی فائل فوٹو۔
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید—اے پی پی فائل فوٹو۔

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے اتوار کے روز کہا کہ کوٹ رادھا کشن واقعے کے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

یوم اقبال کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت عیسائی جوڑے کے قتل میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائے گی۔

انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ حکومت ناانصافی کے ہر معاملے میں متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے حوالے سے مشاورت جاری ہے تاہم اس عہدے کو قبول کرنے میں ہر شخص ہچکچاہٹ کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابق سپریم کورٹ جج رانا بھگوان داس پر اتفاق ہوگیا تھا تاہم انہوں نے یہ عہدہ ’صورت حال‘ کو دیکھتے ہوئے ٹھکرادیا۔

انہوں نے کہا کہ انتخاب کا مرحلہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی وجہ سے مشکل بن گیا جنہوں نے سابق چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم پر الزامات عائد کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگر خان صاحب کے پاس انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے کوئی شواہد ہیں تو انہیں میڈیا کے سامنے لانا چاہیے تاہم وہ ایسا کورٹ میں کرنے میں ناکام رہے۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین جے آئی ٹی بنانے میں حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کررہے۔ اس واقعے کے دوران پاکستان عوامی تحریک کے متعدد کارکنان ہلاک ہوگئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی پارٹی کے رہنماؤں کو مذاکرات کرنے سے روک دیا حالانکہ حکومتی ٹیم اس کے لیے آمادہ تھی۔

انہوں نے عمران خان پر پارٹی رہنماؤں کے ’ہاتھ کی ہتھکڑیاں‘ کھولنے کے لیے زور دیا اور کہا کہ تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔

داعش کے حوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ داعش کی پاکستان میں موجودگی کی کوئی رپورٹ نہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ کچھ مقامی گروپ داعش کا نام استعمال کررہے ہیں اور ان کے ساتھ شمالی وزیرستان کے عسکریت پسندوں جیسا سلوک کیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ ذوالفقار کھوسہ کی عزت کی ہے تاہم ان کے بیٹے کی وجہ سے انہیں سیاسی دھچکا لگا۔

کارٹون

کارٹون : 12 اپریل 2025
کارٹون : 11 اپریل 2025