• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کوہلی کی 39ویں سنچری، بھارت دوسرے ون ڈے میں کامیاب

شائع January 15, 2019
ویرات کوہلی نے ون ڈے کیریئر کی 39ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے 5 چوکے اور دو چھکے لگائے— فوٹو: اے ایف پی
ویرات کوہلی نے ون ڈے کیریئر کی 39ویں سنچری اسکور کرتے ہوئے 5 چوکے اور دو چھکے لگائے— فوٹو: اے ایف پی

ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت نے آسٹریلیا کو دوسرے ون ڈے میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 26رنز پر اس کے دونوں اوپنرز پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس مرحلے پر عثمان خواجہ اور شان مارش نے میزبان بیٹنگ لائن کو سہارا دیا اور تیسری وکٹ کے لیے 56رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، رویندرا جدیجا کی شاندار فیلڈنگ اور وکٹوں کی جانب براہ راست تھرو کے نتیجے میں عثمان پویلین لوٹنے پر مجبور ہو گئے۔

اس کے بعد پیٹر ہینڈزکومب اور مارکش اسٹوئنس نے بھی شان مارش کے ہمراہ چھوٹی چھوٹی شراکتیں قائم کیں لیکن دونوں کھلاڑی بالترتیب 20 اور 29 رنز بنانے کے بعد وکٹیں گنوا بیٹھے۔

189رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد شان مارش کا ساتھ دینے گلین میکسویل آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے تیزی سے کھیلتے ہوئے 94رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی اچھے مجموعے تک رسائی کو یقینی بنایا۔

شان مارش نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 11 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 131 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ میکسویل نے 48رنز بنائے۔

اختتامی تین اوورز میں میزبان ٹیم یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے ہوئے تیز رفتاری سے رنز نہ بنا سکی اور یہی رنز میچ میں اصل فرق ثابت ہوئے۔

آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے، بھارت کی جانب سے بھوونیشور کمار نے چار اور محمد شامی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بھارتی اوپنرز روہت شرما اور شیکھر دھاون نے اپنی ٹیم کو 47رنز کا آغاز فراہم کر کے جیت کی بنیاد رکھی، دھاون کی اننگز 32رنز پر تمام ہوئی۔

روہت نے کپتان ویرات لکوہلی کے ساتھ مل کر ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی لیکن گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے بلے باز اس مرتبہ 43رنز بنا کر اسٹوئنس کی وکٹ بن گئے۔

کوہلی کا ساتھ دینے امبتی رائیڈو آئے تو دونوں کھلاڑیوں نے مزید 59 رنز جوڑ کر ہدف کی جانب پیش قدمی جاری رکھی، رائیڈو 24 رنز بنا سکے۔

160 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد کوہلی کا ساتھ دینے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی آئے اور دونوں نے 82رنز کی شراکت قائم کر کے بھارت کی میچ جیتنے کی امیدیں روشن کر دیں۔

کوہلی نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ میں 39ویں سنچری اسکور کی اور 104 رنز بنانے کے بعد رچرڈسن کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد بھارت کو ہدف کے تعاقب میں زیادہ مشکل پیش نہ آئی اور دھونی نے دنیش کارتھک کے ہمراہ میچ کے آخری اوور میں اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

دھونی نے لگاتار دوسرے میچ میں نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 55 رنز بنائے جبکہ کارتھک نے 14 گیندوں پر 25رنز کی اننگز کھیلی۔

اس میچ میں چھ وکٹ سے فتح کے ساتھ ہی بھارت نے تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

کوہلی کو 104 رنز کی فتح گر اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024