• KHI: Fajr 4:22am Sunrise 5:49am
  • LHR: Fajr 3:28am Sunrise 5:05am
  • ISB: Fajr 3:23am Sunrise 5:05am
  • KHI: Fajr 4:22am Sunrise 5:49am
  • LHR: Fajr 3:28am Sunrise 5:05am
  • ISB: Fajr 3:23am Sunrise 5:05am

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے غزہ میں عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کی جانب توجہ دلا دی

شائع October 25, 2023
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس نے فوری سیز فائر پر زور دیا — فوٹو: اے ایف پی
سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس نے فوری سیز فائر پر زور دیا — فوٹو: اے ایف پی

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے گزشتہ روز غزہ میں عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کی جانب توجہ دلائی اور فوری سیز فائر پر زور دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیر کی رات سے اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں غزہ میں 700 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، یہ 7 اکتوبر کو اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری شروع ہونے کے بعد 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

اسرائیلی بمباری سے اب تک مجموعی طور پر 5 ہزار 791 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 2 ہزار 360 بچے بھی شامل ہیں۔

اس بحران نے سلامتی کونسل میں بھی تقسیم پیدا کر دی ہے، سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے قبل سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی درخواست پر اسرائیل نے غصے کا اظہار کیا، جبکہ فلسطینی وزیر خارجہ نے نہتے شہریوں کی اموات پر عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کی۔

سیشن کا آغاز کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ اسرائیل میں حماس کے ’خوفناک‘ حملے کی کوئی توجیہہ نہیں ہوسکتی، انہوں نے فلسطینیوں پر بلاامتیاز حملوں کے نتائج سے بھی خبردار کیا۔

انہوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں واضح طور پر اسرائیل کا نام لیے بغیر کہا کہ میں غزہ میں عالمی قوانین کی واضح خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہوں، میں واضح کرتا ہوں کہ مسلح تصادم میں ملوث کوئی بھی فریق عالمی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ فلسطینیوں پر 56 سال سے گھٹن زدہ قبضہ ہے، یہ تسلیم کرنا بھی ضروری ہے کہ حماس کے حملے بھی کسی خالی جگہ پر نہیں ہوئے۔

ان کے ریمارکس پر اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے غصے کا اظہار کیا جنہوں نے اپنی آواز بلند کرتے ہوئے انتونیو گوتریس کو مخاطب کیا اور 7 اکتوبر کو حماس کے حملے میں عام شہریوں کی اموات کی جانب توجہ دلائی۔

انتونیو گوتریس نے رفح کراسنگ کے راستے اب تک 3 امدادی قافلوں کے گزرنے کا خیر مقدم کیا، تاہم انہوں نے متنبہ کیا کہ ضرورت کے برعکس یہ امداد آٹے میں نمک کے برابر ہے اور اقوام متحدہ کے ایندھن کی سپلائی دنوں میں ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں مصائب کو کم کرنے، امداد کی ترسیل کو آسان اور محفوظ بنانے اور یرغمالیوں کی رہائی کو آسان بنانے کے لیے فوری طور پر انسانی بنیادوں پر سیزفائر کی اپنی اپیل کا اعادہ کرتا ہوں۔

اقوام متحدہ کی ایجنسیوں نے کہا کہ وہ غزہ میں ہنگامی امداد کی اجازت حاصل کرنے کی بھرپور اپیل کر رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ 2 ہفتوں سے جاری اسرائیلی بمباری کے بعد فلسطینی آبادی کی مدد کے لیے موجودہ ترسیل سے 20 گنا سے زیادہ امداد کی ضرورت ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے امداد کی محفوظ ترسیل کی اجازت دینے کے لیے فوری طور پر سیز فائر کا مطالبہ کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 8 جولائی 2024
کارٹون : 7 جولائی 2024