بلوچستان: ہرنائی میں کوئلے کی کان گرنے سے 2 مزدور جاں بحق
بلوچستان میں کان کنی کے ایک اور حادثے میں ضلع ہرنائی کے علاقے خوست میں 2 کان کن کوئلے کی کان گرنے سے جاں بحق ہوگئے جبکہ پھنسنے والے 6 دیگر مزدوروں کو بچا لیا گیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سانحہ اس وقت پیش آیا جب کوئٹہ کے نواح میں سنجدی کان سے مزید 11 لاشوں کی برآمدگی کے بعد باقی ماندہ ایک لاش کو نکالنے کے لیے کھدائی جاری تھی۔
9 جنوری کو میتھین گیس کے زوردار دھماکے کے بعد مجموعی طور پر 12 کوئلہ کان کن سنجدی کان کے اندر تقریباً 4 ہزار فٹ گہرائی میں پھنس گئے تھے۔ 11 متاثرین میں سے 10 کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ سے اور ایک کا تعلق سوات سے تھا۔
تازہ واقعے میں ضلع ہرنائی کی خوست کول فیلڈ میں واقع کوئلے کی کان میں دراڑیں پڑ گئیں اور کان کا ایک حصہ اس وقت دھنس گیا جب آٹھ مزدور ابھی اندر تھے۔
واقعے میں تمام کان کن پھنس گئے تاہم ان میں سے چھ کو کچھ دیر بعد بچا لیا گیا تھا۔
دو کان کن زاہد اور اصلاح، جو کان کے اندر گہرائی میں کام کر رہے تھے، کو بچایا نہیں جا سکا، تاہم 12 گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد ان کی لاشیں نکال لی گئیں۔
محکمہ مائنز اینڈ منرلز نے خوست میں کان کو بند کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
پاکستان سینٹرل مائنز
لیبر فیڈریشن کے رہنماؤں نے کان کنوں کے قتل پر اظہار مذمت کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم سیفٹی سلینڈرڈ اور ILO-C 176 کی توثیق چاہتے ہیں، ساتھ ہی کان کنوں کی حفاظت کے لیے آگاہی بڑھانے کے پروگرام بھی چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے حفاظتی ضوابط کو نافذ کرنے میں حکومت کی ناکامی پر اظہار مذمت کیا، کیونکہ کسی اہلکار نے سائٹ کا دورہ نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بار بار ہونے والے سانحات کوئلے کی کان کنوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے اصلاحات کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہیں۔