'مجھ سے ناراض نہ ہوں'
کراچی:ہندوستان کے نامور شاعر اور فلم ساز گلزار نے اپنا پاکستان کا دورہ ادھورا چھوڑ کر ممبئی واپس جانے پر پاکستانی عوام اور کراچی لٹریچر فیسٹیول کے منتظمین سے انتہائی معذرت کی ہے۔
فیسٹیول کی منتظم اعلٰی اور بانی امینہ سعید کے نام جمعرات کو ایک خط کے ذریعے گلزار نے اپنا دورہ مختصر کرنے کی وجوہات بتائی ہیں۔
'مجھ سے ناراض نہ ہوں' کے عنوان سے لکھے جانے والے خط میں انہوں نے بتایا کہ دینہ میں اپنے آبائی گھر اور پھر اپنے گرو احمد ندیم قاسمی کی قبر پر جانے کے بعد انہیں 'سینے میں تکلیف محسوس' ہوئی تھی۔
گلزار کہتے ہیں کہ اس تکلیف کے ختم نہ ہونے پر انہوں نے واپس اپنے مانوس شہر ممبئی جانے کا فیصلہ کر لیا کیوں کہ ان کے خیال میں یہ تکلیف گھر جانے سے ہی ختم ہو سکتی تھی۔
خط میں انہوں نے پاکستان کی عوام سے انتہائی معذرت کے ساتھ ساتھ فیسٹیول کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
گلزار کی جانب سے امینہ کو لکھا گئے خط کا متن کچھ یوں تھا۔
عزیز آمینہ سعید جی،
شاید اب تک آپ کو معلوم ہو چکا ہو گا کہ لاہور میں قیام کے دوران مجھے دینہ میں اپنے آبائی گھر جانے کا موقع ملا۔ یہ وہی گھر تھا جہاں میں پیدا ہوا اور اپنا لڑکپن گزارا، پھر میں نے اپنے گرو اور استاد احمد ندیم قاسمی کی قبر کی زیارت بھی کی۔
ان مقامات پر جانے کے بعد میں انتہائی جذباتی ہو گیا اور بدقسمتی سے مجھے اپنے سینے میں تکلیف محسوس ہونا شروع ہو گئی۔
وشال بھردواج کے لیے سٹوڈیو میں پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ ایک گانے کی ریکارڈنگ کے دوران یہ تکلیف عارضی طور پر ختم ہو گئی تھی۔
تاہم ہوٹل واپس جانے کے بعد مجھے دوبارہ سینے کی تکلیف محسوس ہونے لگی۔ جس کے بعد رات دو بجے وشال نے گانے کی ریکارڈنگ مارچ تک ملتوی کر دی اور ہم نے فوراً ہی واپس ممبئی جانے کا فیصلہ کر لیا۔
میں تیرہ کی رات ممبئی واپس پہنچا۔
میں کراچی لیٹریچر فیسٹول کی بھرپور تیاری کے ساتھ یہاں آیا تھا تاہم اس انہونی نے مجھے بہت زیادہ مایوس کیا۔
میں انتہائی شرمندہ ہوں کیونکہ یہ انہونی میرے بس میں نہیں تھی۔ فیسٹیول کی کامیابی کے لیے میری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
اگرآپ اس خط کے مندرجات کو میڈیا سے شیئر کرنا چاہیں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں ہو گا۔ میری جانب سے پاکستان کی عوام سے معذرت۔ میرا پیغام یہی ہے کہ 'مجھ سے ناراض نہ ہوں'
آپ کا خیر خواہ،
گلزار