جمہوریت مخالف بیان دینے پر فیصل رضا عابدی کو شوکاز
کراچی: پیپلز پارٹی کے پیٹرن ان چیف بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹر فیصل رضا عابدی کی جانب سے جمہوریت مخالف بیان دینے کا سختی نوٹس لیتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔
فیصل رضا عابدی نے منگل کو پریس کانفرنس سے خظاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جمہوریت ناکام ہوگئی ہے اور ملک میں مارشل لا لگا دینا چاہیے۔
بدھ کو ایک بیان میں بلاول نے کہا کہ سینیٹر فیصل رضا عابدی نے بیان دے کر پارٹی کے اصولوں کی سخت خلاف ورزی کی ہے کیونکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بحالی، استحکام اور اسے مضبوط کرنے کی جدوجہد کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے اسی مقصد کے لیے پارٹی کے بانی رہنما ذولفقار علی بھٹو، بینظیر بھٹو اور سینکڑوں کارکنوں اور جیالوں کی قربانی دی۔
بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب کسی بھی شخص کی جانب سے ایسے غیر ذمے دارانہ اور جمہوریت مخالف بیانات ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے۔