عدلیہ شعیب اختر کے بیان کا نوٹس لے، سرفراز
اسلام آباد: سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے عدلیہ سے شعیب اختر کے بیان پر سوموٹو ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ سب کچھ جانتے ہیں کہ کس کرکٹر نے پاکستان کو کب اور کہاں بیچا۔
اسلام آباد ٹینس کورٹ میں راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے پروگرام میٹ دی پریس میں گفتگو کرتے ہوئے سرفراز نواز نے کہا کہ عدلیہ کو سابق کرکٹر شعیب اختر کے اس بیان پر سوموٹو ایکشن لینا چاہیئے جس میں شعیب اختر نے کہا ہے کہ وہ اس بارے میں سب کچھ جانتے ہیں کہ کس کرکٹر نے پاکستان کو کب اور کہاں بیچا۔
سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ اگر شعیب اختر کو پاکستان کا نام بیچنے والوں کا پتا ہے انہیں عدالت کو بتانا چاہیے یہ قوم کی بڑی خدمت ہوگی۔
اس موقع پر انہوں نے کرکٹر شاہد آفریدی اور محمد حفیظ کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کھلاڑیوں نے میڈیا پر آکر سابق کھلاڑیوں اور سلیکٹرز کیخلاف باتیں کیں، ان کا یہ اقدام پی سی بی کنٹریکٹ کی خلاف ورزی ہے لیکن انہیں شوکاز نوٹسز جاری کیوں نہیں کیے گئے۔
سرفراز نے جنوبی افریقہ کے خلاف آخری ایک روزہ میچ میں اہم کھلاڑیوں کو آرام دینے کے فیصلے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے پاس ساؤتھ افریقہ کو کلین سویپ کرنے کا سنہری موقع تھا لیکن چار اہم کھلاڑیوں حفیظ، آفریدی، ناصر جمشید اور جنید خان کو سیریز کے آخری میچ میں باہر بٹھادیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ساؤتھ افریقہ کو وائٹ واش کرنے کا سنہری موقع گنوا دیا حالانکہ اگر قومی ٹیم آخری ون ڈے میں ساؤتھ افریقہ کو ہرا دیتی تو وہ مہمان ٹیم کو ایک روزہ سیریز میں وائٹ واش کرنے والی واحد ٹیم بن جاتی۔
ریورس سوئنگ کے موجد قرار دیے جانے والے ماضی کے فاسٹ باؤلر نے اس موقع پر پاکستان کے دورہ زمبابوے کو بھی تشویش کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے سوال اٹھایا کہ زمبابوے کے خلاف انتہائی خراب کارکردگی کے باوجود اس پر انکوائری کیوں نہیں کی گئی۔
سرفراز نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل ہندوستانی کی بی ٹیم نے زمبابوے کو باآسانی ہرا دیا لیکن ہماری ٹیم اس سے ٹیسٹ میچ میں شکست سے دوچار ہو گئی۔
انہوں نے مزید سوال اٹھایا کہ باؤلر محمد عرفان کو زمبابوے کیخلاف ٹیسٹ میچوں میں کیوں نہیں کھلایا گیا حالانکہ وہ اس وقت قومی ٹیم کے سب سے کامیاب باؤلر ہیں۔
واضح رہے کہ زمبابوے کے خلاف قومی ٹیم کو سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سیریز سے قبل ہندوستانی ٹیم نے زمبابوے کو ایک روزہ میچز کی سیریز میں 5-0 سے کلین سوئپ کیا تھا اور اس دورے کے لیے اپنے سات صف اول کے کھلاڑیوں کو آرام کا موقع فراہم کیا تھا۔
سرفراز نواز نے اس موقع پر صوبہ خیبر پختونخوا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے خدمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے عمران خان کو لکھ دیا ہے کہ اگر انہیں خیبر پختواہ میں کرکٹ کے فروغ کے لیے میری خدمات درکار ہیں تو میں حاضر ہوں ۔