'امکان ہے مولانا عبدالعزیز مذاکراتی ٹیم کا حصہ رہیں گے'
اسلام آباد: حکومت کے ساتھ امن مذاکرات میں شامل طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مولانا یوسف شاہ نے کہا ہے کہ مولانا سمیع الحق نے مولانا عیدالعزیز سے رابطہ کیا ہے اور یقین ہے کہ وہ کمیٹی سے علیحدہ نہیں ہوں گے۔
ڈان نیوز ٹی وی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ طالبان قیادت سے ملاقات کے حوالے سے صورتحال دو روز میں واضح ہوجائے گی، لیکن ابھی تک ملاقات کا وقت اور مقام طے نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان قیادت سے ملاقات کا وقت اور مقام طے نہیں ہوا، ملاقات کرانے کے حوالے سے وفاقی حکومت سے مدد مانگی جا سکتی ہے، یوسف شاہ نے کہا کہ ملاقات کے بعد طالبان قیادت کا موقف حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھیں گے۔
اس سے قبل طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اور لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے مذاکرات میں قرآن و سنت کو شامل کیے جانے تک مذاکراتی عمل کے بائیکاٹ اور اس سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔
لال مسجد کے خطیب اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن مولانا عبدالعزیز نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پورے ملک میں شریعت کا نفاذ نہیں ہوگا تو پھر مذاکرات آگے کیسے بڑھیں گے؟۔