وزیراعظم کے مشیر کے بھائی اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر مقرر
اسلام آباد: یوں تو حکمران جماعت کو اس کے اقرباپروری پر مبنی اندازِ حکمرانی کو نشانہ بنایا ہی جارہا ہے، اس کے باوجود وزیراعظم نے قومی امور پر اپنے مشیر کے چھوٹے بھائی کو طویل فاصلےپر تعلیم دینے والی ملک کی معروف یونیورسٹی کا سربراہ بنادیا ہے۔
صدر ممنون حسین نے وزیراعظم کےمشور پر جمعرات کے روز عرفان صدیقی کے چھوٹے بھائی پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر کیا۔
اس کے علاوہ صدر مملکت نے پروفیسر جاوید اشرف کو قائداعظم یونیورسٹی کا وائس چانسلر اور پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی کو بین الاقوامی اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کا ریکٹر مقرر کیا۔
ڈان سے بات کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ ان کے بھائی کا انتخاب خالصتاً قابلیت کی بنیاد پر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا ’’وہ ایک قابل شخصیت ہیں، اور ان کا انتخاب میرٹ پر ہوا ہے، انہیں اس لیے منتخب نہیں کیا گیا ہے کہ وہ میرے بھائی ہیں۔‘‘
وزیراعظم نے نو افراد کی ایک فہرست (ہر عہدے کے لیے تین) میں سے ان تین ماہرِ تعلیم کا انتخاب کیا تھا، یہ فہرست انہیں وزیرِ تعلیم محمد بلیغ الرحمان کی سربراہی میں قائم ایک کمیٹی کی جانب سے ارسال کی گئی تھی۔