خیبر ایجنسی میں 7 'شدت پسند' ہلاک
پشاور: وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں مبینہ شدت پسندوں کے ٹھکانے میں دھماکے اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں 7 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق وادی تیراہ میں سپاہ کےعلاقے سندانہ میں کالعدم لشکر اسلام کے شدت پسندوں کے مرکز کے اندر ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں تین مبینہ شدت پسند موقع پر ہلاک ہوئے۔
دھماکا مرکز میں موجود بارودی مواد کے پھٹنے کی وجہ سے ہوا۔
دھماکے کے فوراً بعد دیگر شدت پسند جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں سکیورٹی فورسز نے جروپی کیمپ سے انھیں نشانہ بنایا۔
سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 مزید شدت پسند ہلاک ہوگئے۔
خیبر ایجنسی میں سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور آپریشن 'ضرب عضب' کے ساتھ ساتھ ایجنسی میں ’آپریشن خیبر ون‘ بھی تیز کردیا گیاہے۔