پاک افغان سرحد کے قریب ڈرون حملہ، 4 عسکریت پسند ہلاک
پشاور: پاک افغان سرحدی علاقے میں ایک امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم چار مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔
انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق یہ ڈرون حملہ اٖفغانستان کے ضلع نازيان میں کیا گیا جس کے دوران ڈرون نے تین میزائل داغے۔
اطلاعات کے مطابق حملے میں متعدد عسکریت پسندوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
تاحال ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں کی شناخت نہیں ہوسکتی تاہم مانا جاتا ہے کہ اس علاقے میں تحریک طالبان پاکستان اور چند غیر ملکی جنگجو مقیم ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں ڈرون حملے کے نتیجے میں سات عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔
سیکورٹی افسران کے مطابق پشاور کے آرمی پبلک اسکول کی منصوبہ بندی نزیان میں موجود عسکریت پسندوں ہی نےکی تھی جس کی وجہ سے 140 بچے اور ٹیچرز ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔
حملے کے بعد سرحد کی دونوں جانب عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔
پاکستانی سیکورٹی فورسز بھی باڑہ کی تیراہ وادی میں کارروائی کررہی ہیں جس کی سرحد نازیان ضلع سے لگتی ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں