ریسلنگ کی دنیا کے ناقابل تسخیر ریکارڈز
کہتے ہیں کہ پروفیشنل ریسلنگ میں مقابلوں کے نتائج پہلے سے طے شدہ ہوتے ہیں اور ریسلرز اسکرپٹ کے مطابق مار دھاڑ کرتے ہیں، لیکن جب عزت بچانے کی بات ہو تو بڑے بڑے پہلوان کسی اسکرپٹ کی پرواہ نہیں کرتے۔
انٹرٹینمنٹ سے بھرپور ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ میں ویسے تو کئی ریکارڈز بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں مگر کچھ ایسے بھی ریکارڈز ہیں جو تاریخ کے صفحات میں سنہرے حروف سے لکھے ہوئے ہیں اور ان کو توڑنا ناممکن نہ سہی، انتہائی مشکل ضرور ہے۔
50 سال سے زائد ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ کی تاریخ کے کئی ایسے عالمی ریکارڈز ہیں جو ناقابل تسخیر سمجھے جاتے ہیں۔ آئیے ان ریکارڈز پر نظر دوڑاتے ہیں۔
ریسل مینیا میں لگاتار 21 فتوحات
ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ کے 'مہا گرو' انڈر ٹیکر نے ریسل مینیا میں طویل اور کامیاب سفر طے کیا ہے، ان کی لگاتار 21 فتوحات کا ریکارڈ توڑنا تاحال ایک چیلنج ہے۔ اس ریکارڈ کواب تک توڑنا تو دور، کوئی اس کے قریب بھی نہیں پہنچا۔ انڈر ٹیکر کی 21 نان اسٹاپ کامیابیوں کو براک لیسنر نے بریک لگوائی تھی۔
ریسل مینیا میں انڈر ٹیکر نے مسلسل فتوحات کے سنہرے دور میں وقت کے بڑے بڑے ریسلرز کو دھول چٹا دی، جن میں جمی سنوکا، جیک رابرٹس، کنگ کانگ بنڈی، ڈیزل، کین، بگ باس مین، ٹرپل ایچ، رک فلیئر، بگ شو، رینڈی اورٹن، مارک ہینری، ایج، باٹسٹا، شان مائیکلزاور سی ایم پنک شامل ہیں، مگر براک لیسنر نے ان کے پَر کاٹ دیئے۔
'ہیل ان اے سیل' میں سب سے زیادہ شرکت
ریسل مینیا کی طرح 'ہیل ان اے سیل' مقابلوں میں بھی انڈر ٹیکر کی حاکمیت قائم رہی ہے۔ انہیں سب سے زیادہ 14 بار 'ہیل ان اے سیل' میں شرکت کا اعزاز حاصل ہے، جبکہ ٹرپل ایچ 9 بار حصہ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
اس دوڑ میں تیسرے اہم ریسلر رینڈی اورٹن ہیں، جو اب تک 6 بار 'ہیل ان اے سیل' کے مہمان ہوئے ہیں، جبکہ سیٹھ رولنز کو انڈر ٹیکر کا ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید 13 بار پنجرے کی لڑائی لڑنی پڑے گی اور یہ خواب پورا ہونا لگ بھگ ناممکن بات لگتی ہے۔
تاریخ کا طویل ترین مقابلہ
پروفیشنل ریسلنگ میں یہ مانا جاتا ہے کہ میچ کو زیادہ سے زیادہ دیر تک جاری رہنا چاہیے، تاکہ شائقین جم کر بیٹھے رہیں اور دیکھنے والوں کو فل انٹرٹینمنٹ ملے۔
ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلنگ میں عام طور پر کوئی بھی مقابلہ 30 منٹ سے تجاوز نہیں کرتا۔ حالیہ برس ریسل مینیا کے ایک اہم میچ میں انڈر ٹیکر اور شین میک موہن کے درمیان 30 منٹ تک مقابلہ جاری رہا، یہ الگ بات ہے کہ ان دونوں ریسلرز کو رِنگ تک پہنچنے میں 25 منٹ لگ گئے۔
آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ 52 سال قبل 1964 میں لیجنڈ ریسلر برونو سمارٹینو اور ان کے حریف والڈو وون ایرک کے درمیان 81 منٹ تک مقابلہ چلتا رہا، جو کہ ریسلنگ کی تاریخ میں طویل ترین میچ کا اب تک ناقابل تسخیر ریکارڈ ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نیویارک سٹی کے میڈیسن اسکوائر ایرینا میں کرفیو لگنے کی وجہ سے مجبوراً میچ روکنا پڑا تھا، ورنہ نجانے اور کتنی دیر مقابلہ جاری رہتا۔
ٹیگ ٹیم چیمپیئن شپ میں سب سے زیادہ ٹائٹل
ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ کی تاریخ میں مایہ ناز ریسلر ایج سب سے زیادہ 14 بار ٹیگ ٹیم کا انفرادی ٹائٹل جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ وہ اکثر و بیشتر کرسٹین کے ساتھ رِنگ میں اترتے تھے۔
ٹیگ ٹیم ٹائٹل کی دوڑ میں ایج سے قریب ترین ریسلر کین ہیں، جو 11 بار یہ ٹائٹل اپنے نام کر چکے ہیں اور ان کو ایج کا ہم پلہ بننے کے لیے مزید 3 ٹائٹل جیتنے ہوں گے، لیکن اس بات کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں کہ وہ مزید کوئی ٹیگ ٹیم ٹائٹل جیت پائیں۔
'رائل رمبل' میں طویل ترین مقابلہ
'رائل رمبل' میں رے مسٹیریو کا 62 منٹ تک جاری رہنے والا مقابلہ ناقابل یقین معرکہ تھا۔ یہ ریکارڈ ساز میچ انہوں نے سال 2006 میں ٹرپل ایچ کے خلاف کھیلا تھا جس میں وہ ٹرپل ایچ کو ہرانے میں کامیاب رہے تھے۔
رے مسٹیریو کے ایک گھنٹہ 2 منٹ تک چلنے والے اس مقابلے کے بعد 'رائل رمبل' ایونٹ میں صرف دو بار ایسا ہوا کہ کوئی میچ ایک گھنٹے تک جاری رہا ہو۔
ان میں سے ایک بار سال 2011 میں البرٹو ڈیل ریو 'فورٹی مین رمبل' کے فاتح قرار پائے، جبکہ حالیہ برس رومن رینز میچ کو ایک گھنٹے تک کھینچ کر لے گئے تھے۔ اس سے قبل سال 2010 میں کرس جیریکو اور رومن رینز کا مقابلہ 50 منٹ تک چلتا رہا تھا۔
ایک سیکنڈ میں مقابلہ ختم
'رائل رمبل' میں ایک گھنٹہ دو منٹ تک مقابلہ جاری رہنا ایک حیران کن بات ہے لیکن اس سے زیادہ حیرت آپ کو یہ جان کر ہوگی کہ اسی ایونٹ میں کوئی مقابلہ صرف ایک سیکنڈ میں ختم ہوگیا۔
جی ہاں، ریسلر سانتینو ماریلا کا گلین تھامس جیکبس المعروف 'کین' کے خلاف سب سے کم وقت میں رائل رمبل میچ ہار جانے کا ریکارڈ شاید کبھی نہ ٹوٹ پائے۔
سال 2009 کے مقابلے کے دوران سانتینو ماریلا نے دوڑتے ہوئے جیسے ہی رنگ میں داخل ہونے کی کوشش کی تو حریف ریسلر کین نے ان پر ایسا مہلک وار کیا کہ وہ رنگ سے باہر جا گرے۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سانتینو نے کہا کہ کین کا حملہ غیر متوقع تھا اور جس کا سامنا کرنے کے لیے وہ بالکل تیار نہ تھے۔
2803 دن تک ٹائٹل کا دفاع
پروفیشنل ریسلنگ کے متوالوں کو یقینن یاد ہوگا کہ سی ایم پنک نے سال 2011 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے جیتے ہوئے ٹائٹل کا سال 2013 (مسلسل 434 دن) تک کامیاب دفاع کیا، جو کہ دور حاضر میں سب سے طویل عرصے تک ٹائٹل کے دفاع کا ریکارڈ ہے۔
سی ایم پنک کا 434 دن تک قائم رہنے والا طویل ترین ریکارڈ تاریخ کے سب سے بڑے اور 2803 دن تک برقرار رہنے والے عالمی ریکارڈ کے مجموعی دورانیے کا صرف 15 فیصد کہا جاسکتا ہے۔
یہ اعزاز لیجنڈری ریسلر برونو سمارٹینو کے نام ہے، جو سال 1963 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے چیمپیئن قرار پائے اور8 برس گزر جانے کے بعد 1971 تک بھی کوئی ریسلر ان سے یہ ٹائٹل چھین نہ سکا۔
28 برس تک ناقابل شکست رہنے والی ویمن ریسلر
پروفیشنل ریسلنگ کا کوئی بھی میدان یا فارمیٹ ہو، ویمن ریسلر 'مولا' ایک حوالے سے سب پر بھاری ہیں، کیونکہ 10 ہزار 170 دن تک ڈبلیو ڈبلیو ای ٹائٹل کا دفاع کرنے کا عالمی ریکارڈ انہی کے نام ہے۔
مولا بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال ریسلر مانی جاتی ہیں۔ وہ ریسلنگ اسکول فار ویمن سے ابتدائی تربیت اور داؤ پیچ سیکھنے کے بعد رنگ میں اتری اور ویمن ریسلنگ پر سالہا سال راج کیا۔
سال 1956 میں مولا نے ویمنز چیمپیئن شپ کی تاریخ کا اولین ٹائٹل جیتا۔ ان کا یہ اعزاز 1984 تک برقرار رہا۔ ویمنز چیمپیئن شپ کی دوسری فاتح وینڈی رکٹر تھیں، انہوں نے مولا کے چیمپیئن بننے کے 10 ہزار 170 دن بعد ان سے اعزاز چھینا۔
معمر ترین چیمپیئن
ریسلنگ کوعموماَ جوانوں کا کھیل تصور کیا جاتا ہے، جس میں بے پناہ طاقت اور مہارت سے حریف ریسلرز کو زیر کیا جاتا ہے، لیکن حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے اتہاس میں ایک 54 سالہ ریسلنگ چیمپیئن بھی رہ چکے ہیں۔
ستمبر 1999 کو ونس مک موہن جب چیمپیئن بنے تو ان کی عمر 54 سال تھی۔ یہ اعزاز 6 دن تک ان کے پاس رہا۔ وہ ہارے نہیں بلکہ جب انہیں اپنے بوڑھے ہوجانے کا احساس ہوا تو وہ رضاکارانہ طور پر ٹائٹل سے دستبردار ہوگئے۔ ونس مک موہن کے اس عالمی ریکارڈ کو انڈر ٹیکر سے تھوڑا سا خطرا لاحق ہوسکتا ہے۔
تبصرے (2) بند ہیں