لاپتہ سماجی کارکن کی 3 سال بعد گھر واپسی
گوادر: صوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقے مکران سے تعلق رکھنے والے مشہور وکیل اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکن ایڈووکیٹ حیدر 3 سالہ گمشدگی کے بعد تربت میں واقع اپنے گھر واپس پہنچ گئے۔
ایڈووکیٹ حیدر 27 نومبر 2013 کو ڈسٹرکٹ کورٹ سے واپسی پر تربت کے علاقے کوش قلات سے لاپتہ ہوگئے تھے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق ایڈووکیٹ حیدر ہفتہ 22 اکتوبر کی رات اپنے گھر واپس پہنچ گئے، اہلخانہ ان کی واپسی پر بہت خوش ہیں۔
مزید پڑھیں:بلوچ سماجی کارکن عبدالواحد کراچی سے 'لاپتہ'
ایڈووکیٹ حیدر کی گمشدگی کے بعد انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں اور سیاسی کارکنوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انھیں سیکیورٹی ایجنسیز نے حراست میں لیا۔
ایڈووکیٹ حیدر ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کے ایک ایم فعال رکن ہیں، وہ کیچ بار ایسوسی ایشن کے رکن اور کیچ میں ایچ آر سی پی کی لیگل کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:لاپتہ سماجی کارکن کی تلاش، عدالت کا مقدمے کے اندارج کا حکم
انھوں نے تربت میں ایک نجی لینگویج لرننگ سینٹر بھی کھول رکھا ہے۔
یہ خبر 24 اکتوبر 2016 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی