پیپلز پارٹی نے انتخابی اتحاد کا فیصلہ موخر کردیا
پاکستان پیپلز پارٹی نے 2018 میں ہونے والے عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان تک دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ موخر کردیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے اس حوالے سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ صوبہ پنجاب میں کسی سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد کرنے کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ کسی بھی جماعت کے ساتھ اتحاد کا فیصلہ عام انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کے اعلان کے بعد ہی ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسی جماعت کے ساتھ تاحال سیٹ ایڈجسمینٹ کا فیصلہ نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی تنقید: پیپلزپارٹی کاانتخابی اتحاد پر نظرثانی پر غور
انہوں نے کہا کہ کسی بھی جماعت سے ہاتھ ملانے کا فیصلہ پارٹی قیادت الیکشن کی تاریخ کے اعلان کے بعد کرے گی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ اتحاد سے متعلق خبروں میں صداقت نہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان پیپلز پارٹی نے چکوال میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں: چکوال ضمنی انتخاب:پیپلز پارٹی کا تحریک انصاف سے راستہ جدا
پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات چوہدری منظور احمد نے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے آصف علی زرداری کے خلاف تقریر کے بعد چکوال کے ضمنی انتخاب میں حمایت واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
پاکستان میں عام انتخابات 2018 میں ہونے ہیں تاہم اس حوالے سے حتمی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا اور پاکستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے بظاہر عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔