فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی، عمر اکمل کی فینز سے معذرت
برمنگھم: بیٹسمین عمر اکمل، فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے باعث آئی سی سی چیمیئنز ٹرافی 2017 سے بے دخلی کے بعد پہلے سے زیادہ مستحکم پوزیشن کے ساتھ ٹیم میں واپسی کے لیے پر عزم ہیں۔
دوسری جانب مڈل آرڈر بیٹسمین نے اپنے فینز سے معذرت کرتے ہوئے کرکٹ کے اصولوں کا پابند رہنے کا وعدہ بھی کرلیا۔
عمر اکمل کا کہنا تھا، 'میں نے ان تمام فینز سے معافی مانگ لی ہے، جنھیں میرے عمل سے دکھ پہنچا'۔
ان کا کہنا تھا، 'ابھی بھی میری بہت سی کرکٹ باقی ہے اور میں پہلے کے مقابلے میں مزید مضبوط واپسی کا ارادہ رکھتا ہوں، کرکٹ پر اب میرا فوکس پہلے سے کہیں زیادہ ہے'۔
مزید پڑھیں:عمر اکمل فٹ تھے یا ان فٹ، تحقیقات کا حکم
یونس خان کو اپنا رول ماڈل قرار دیتے ہوئے عمر اکمل نے کہا کہ انھوں نے لیجنڈری کرکٹر سے بہت کچھ سیکھا ہے کہ کرکٹ کیریئر کے دوران خراب پچ پر کیسے کھیلنا چاہیئے۔
انھوں نے بتایا، 'میرے رول ماڈل یونس خان ہیں اور جب بھی انھیں مشکلات کا سامنا ہوتا تھا تو وہ مزید مضبوط ہوکر سامنے آتے تھے، اسی طرح میں بھی اب پہلے کے مقابلے میں مزید پرعزم ہوں۔'
عمر اکمل نے اپنے متبادل کے طور پر بھیجے جانے والے حارث سہیل اور ٹیم کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ناقص فٹنس، عمر اکمل چیمپئنز ٹرافی سے باہر
ان کا کہنا تھا، 'سب سے پہلے تو میں حارث سہیل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنا چاہوں گا'، ساتھ ہی انھوں نے کہا، 'اس بات سے قطع نظر کہ میں ٹیم کے ساتھ ہوں یا نہیں، میری نیک خواہشات ان کے ساتھ رہیں گی'۔
ساتھ ہی انھوں نے کہا، 'میں انضی بھائی (چیف سلیکٹر انضمام الحق) کا بھی پاکستان میں فٹنس ٹیسٹ منعقد کروانے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، مجے پاکستان کپ کے دوران بھی پنجاب کی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا، میں اپنی واپسی ممکن بنانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی تمام شرائط و قواعد کو پورا کرنے کی کوشش کروں گا'۔
مزید پڑھیں: عمر اکمل کی ناقص فٹنس: این سی اے ٹیسٹ کے معیار پر سوالات کھڑے
واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ عمر اکمل برمنگھم میں چیمپیئنز ٹرافی کے پری کیمپ میں فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام ہوگئے، جس کی بناء پر انھیں پاکستانی اسکواڈ سے نکالا جا رہا ہے۔
بعدازاں ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) لاہور میں ٹرینر کی جانب سے دی گئی فٹنس رپورٹ کی بناء پر مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل کو عمر اکمل کے متبادل کے طور پر منتخب کرلیا گیا۔
یہ خبر 26 مئی 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی
تبصرے (1) بند ہیں