• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ماروی میمن کو بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ

شائع June 22, 2018

اسلام آباد: نگراں حکومت نے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن ماروی میمن کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا۔

حکام کے مطابق نگراں وزیر اعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نے صدر مملکت ممنون حسین کو ماروی میمن کو عہدے سے ہٹانے کی سمری بھجوادی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ماروی میمن کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، کیونکہ وہ سابق حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی تھیں اور انہیں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پروگرام کا چیئرپرسن مقرر کیا تھا۔

ماروی میمن 2013 کے انتخابات میں خواتین کی مخصوص نشست پر سندھ سے قومی اسمبلی کی رکن بنی تھیں۔

انہوں نے بی آئی ایس پی کے چیئرمین انور بیگ کے استعفے کے بعد فروری 2015 میں یہ عہدہ سنبھالا تھا۔

انور بیگ نے اس وقت کے وزیر خزانہ اسحٰق ڈار سے اختلافات کے بعد احتجاجاً استعفیٰ دیا تھا۔

مزید پڑھیں: انوشہ رحمٰن، ماروی میمن مسلم لیگ (ن) کی امیدواروں کی فہرست سے باہر

واضح رہے کہ غریب خاندانوں کی مالی معاونت کے لیے پیپلز پارٹی کی حکومت نے 2009 میں بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا تھا۔

ماروی میمن کو مجوزہ طور پر عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ، نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک میں 25 جولائی کو انتخابات کے صاف و شفاف انداز میں انعقاد کی کوششوں کے حصے کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

انتخابات کے صاف و شفاف انعقاد کے لیے نگراں حکومت نے حال ہی میں وفاقی و صوبائی سطح پر بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلے کیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024