• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

’شفاف الیکشن نہ ہونے کی صورت میں ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا‘

شائع June 25, 2018

لاہور: سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اگر 25 جولائی کو پاکستان میں انتخابات شفاف نہیں ہوئے تو ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ (ن) کے وکلا کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی تو ملک نے گزشتہ حکومت کے دوران جتنی ترقی کی ہے اس میں کمی آجائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دھاندلی سے جمہوریت کا حسن اور بیلٹ باکس کی بالادستی کو سمجھوتہ کرنا پڑے گا، لہٰذا ملک میں دھاندلی روکنا اور شفاف انتخابات کا انعقاد مسلم لیگ (ن) کا مقصد ہے۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کو بچپنے اور سنجیدہ عمل میں فرق کا احساس ہی نہیں، چوہدری نثار

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ عوام کو خدمت کرنے والوں اور انہیں دھوکے اور جھوٹے وعدے کرنے والوں کے درمیان فرق کرتے ہوئے اپنا نمائندہ منتخب کرنا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دورِ حکومت میں مسلم لیگ (ن) نے ہر شعبے میں عوام کی خدمت کی لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے صرف عوام کو دھوکا دیا، لہٰذا پشاور میں میٹرو بس منصوبے میں ناکامی پی ٹی آئی کی خراب کارکردگی کا ثبوت ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی اور توانائی بحران سے نجات حاصل کی اور اب وقت آچکا ہے کہ پاکستان کو ایک معاشی طاقت بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف، عمران خان سمیت امیدواروں کی ٹیکس تفصیلات بھی سامنے آگئیں

انہوں نے آئین و قانون کی بالادستی برقرار رکھنے پر وکلا کے کردار کی بھی تعریف کی اور مطالبہ کیا کہ انتخابات میں پارٹی کے امیدواروں کو قانونی مشورے دینے اور دھاندلی کوششوں پر نظر رکھنے کے لیے ایک قانونی کمیٹی بنائیں۔

انتخابات کے لیے پارٹی کے منشور کے حوالے سے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ایک جامع منشور تیار کیا ہے جو ملک کو درپیش مسائل کے حل پر مشتمل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے پانی کے بحران، صحت اور تعلیم کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر رکھا ہے کیونکہ یہ معاملات قوم کی زندگی اور موت کا معاملہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 56 کمپنیوں میں مبینہ کرپشن: شہباز شریف سپریم کورٹ میں پیش

شہباز شریف نے اپنا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ اگر قوم نے ایک مرتبہ پھر انہیں خدمت کا موقع دیا تو ہم یقین دہانی کرائیں گے کہ حکومت کے پہلے ہی روز پانی کے مسئلے پر کام کرنا شروع کردیں گے جبکہ ہم صحت اور تعلیم کے سیکٹر میں اپنی توجہ ملک بھر میں پھیلائیں گے۔

واضح رہے کہ شہباز شریف آج الیکشن مہم کے سلسلے میں 25 جون کو کراچی کا دورہ کریں گے جہاں وہ حلقہ این اے 249 میں ریلی کی قیادت کریں گے، اپنے دورے کے دوران وہ کراچی کے علاقے ملیر اور لیاری میں پارٹی ورکرز، پارٹی کے اقلیتی ونگ، کاروباری شخصیات اور سینئر صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔


یہ خبر 25 جون 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024