میرا حلقہ کون سا ہے اور میں ووٹ کہاں ڈالوں؟
گزشتہ پانچ سالوں میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تقریباً 81 لاکھ نئے ووٹروں کا اندراج کیا ہے۔ ووٹنگ کا مرحلہ تھوڑا سا پیچیدہ ہوسکتا ہے، خاص طور پر ان 81 لاکھ نئے ووٹروں کے لیے۔
ایک ووٹر کے طور پر آپ کے لیے سب سے اہم سوال یہ ہوگا کہ میں کسے ووٹ دوں؟
اس فیصلے کے لیے آپ کو سب سے پہلے یہ جاننا ہوگا کہ آپ کا ووٹ کس حلقے میں رجسٹرڈ ہے۔
حلقہ کیا ہوتا ہے؟
انسائیکلوپیڈیا بریٹیکنیکا (britannica.com) کے مطابق حلقہ "وہ بنیادی انتخابی اکائی" ہوتا ہے جس میں اہل ووٹر کسی عوامی عہدے کے لیے اپنے سیاسی نمائندے کا انتخاب کرتے ہیں۔
ہر مردم شماری کے بعد یہ الیکشن کمیشن پر حلقہ بندی ایکٹ 1974 کے تحت لازم ہے کہ وہ قومی اور صوبائی حلقوں کے لیے نئی حلقہ بندیاں کرے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تمام عمومی نشستوں کے حلقوں میں آبادی "جہاں تک ممکن ہو سکے" مساوی ہونی چاہیے۔
ووٹروں کا اندراج اس حلقے میں ہوتا ہے جہاں وہ رہتے ہیں، اس کے لیے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ پر موجود پتے کا سہارا لیا جاتا ہے۔ آپ کو اپنے حلقے میں ایک متعین کردہ پولنگ اسٹیشن پر ہی ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔
میں کیسے معلوم کروں کہ میرا حلقہ کون سا ہے؟
تمام ووٹروں کے ذہن میں ایک بنیادی سوال ہوتا ہے، خاص طور پر نئی حلقہ بندیوں کے بعد، کہ ان کا ووٹ کس حلقے میں درج ہے۔
ذیل میں ایک سادہ سی گائیڈ ہے جس کے ذریعے آپ اپنا حلقہ معلوم کر سکتے ہیں۔
آسان ترین طریقہ یہ ہے کہ آپ کسی اسپیس یا ڈیش کے بغیر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کریں۔ الیکشن کمیشن آپ کو آپ کے حلقے کے بارے میں معلومات ارسال کر دے گا۔
اس کے علاوہ آپ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ بھی وزٹ کر سکتے ہیں جہاں پر اس ادارے نے تمام صوبوں میں موجود حلقوں کی فہرستیں اپ لوڈ کر رکھی ہیں۔ آپ اپنے متعلقہ قومی اور صوبائی حلقے کے بارے میں معلومات یہاں حاصل کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ آپ الیکشن کمیشن کے مرکزی یا مقامی دفتر کا دورہ بھی کر سکتے ہیں جہاں تمام حلقوں کی فہرستیں آویزاں ہیں۔ آپ کو الیکشن کمیشن کے دفاتر کے پتے اور رابطہ معلومات یہاں مل جائیں گی۔
میرے حلقے میں کون سے امیدوار ہیں؟
تمام امیدواروں کے نام، ان کی جماعت (اگر جماعت سے وابستہ ہیں تو)، اور ان کے انتخابی نشانات کی تفصیلات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
جب آپ اس لنک پر کلک کریں گے تو آپ کے سامنے ایک صفحہ کھلے گا، جہاں پر آپ قومی اسمبلی یا صوبائی اسمبلی کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
اس کے بعد ایک پی ڈی ایف دستاویز کھلے گی جس میں ہر حلقے کا نام اور اس کے امیدواروں کی فہرست موجود ہے۔
نیچے جاتے جائیں اور اپنا حلقہ اور اپنے امیدوار معلوم کریں۔
یہ فہرستیں الیکشن کمیشن کے ہیڈ آفسز پر بھی موجود ہیں۔
آپ تمام جماعتوں کو جاری کیے گئے انتخابی نشانات کی فہرست یہاں دیکھ سکتے ہیں۔ تمام امیدواروں کو جاری کیے گئے انتخابی نشانات کی فہرست یہاں موجود ہے۔
میرا پولنگ اسٹیشن کہاں ہے؟
پولنگ اسٹیشن وہ جگہ ہوتی ہے جہاں پر ووٹر اپنا ووٹ ڈالنے جا سکتے ہیں۔ ایک حلقے کے اندر کئی پولنگ اسٹیشن ہوتے ہیں۔ الیکشن کمیشن سرکاری عمارتوں، اسکولوں اور نجی دفاتر کے اندر پولنگ اسٹیشن قائم کرتا ہے۔
الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق ادارے کی جانب سے "کوشش کی جاتی ہے کہ ووٹروں کو قریب ترین پولنگ اسٹیشن دیا جائے۔" مگر پولنگ اسٹیشن آپ کے درج شدہ پتے سے دو کلومیٹر تک دور ہو سکتا ہے۔
اس دفعہ الیکشن کمیشن نے جیوگرافک انفارمیشن سسٹم (جی آئی ایس) پر مبنی پولنگ اسکیم شروع کی ہے جس کے تحت ادارے نے تمام حلقوں میں موجود پولنگ اسٹیشنز کی فہرستیں جاری کی ہیں تاکہ ووٹر دیکھ سکیں کہ انہیں ووٹ ڈالنے کے لیے کہاں جانا ہوگا۔
اپنا پولنگ اسٹیشن معلوم کرنے کے لیے آپ کے پاس تین طریقے ہیں۔
- آپ جب بغیر اسپیس یا ڈیش کے اپنا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبر 8300 پر بھیجیں گے تو الیکشن کمیشن آپ کو آپ کے انتخابی علاقے، آپ کے پولنگ اسٹیشن، اور آپ کے حلقے کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا۔
اس کے علاوہ آپ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ وزٹ کر سکتے ہیں جہاں جی آئی ایس پولنگ اسکیم کی فہرستیں اپ لوڈ کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ آپ متعلقہ ریٹرننگ افسر کے دفتر یا کسی بھی الیکشن کمیشن کے ہیڈ آفس جا سکتے ہیں جہاں یہ تمام فہرستیں آویزاں کی گئی ہیں۔
ایک دفعہ جب آپ کے پاس یہ تمام معلومات ہوں تو آپ خود کو 25 جولائی کے لیے تیار تصور کر سکتے ہیں۔
فہد چوہدری کی فراہم کردہ معلومات کے ساتھ۔
ڈیزائن: حمیرا علوی
فروا نقوی ڈان ڈاٹ کام کی اسٹاف ممبر ہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔