• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سلینا گومز‘چھمک چھلو اور چگی وگی’ نمبر کرنے کی خواہاں

شائع July 21, 2018
—فائل فوٹو: فیوژ ٹی وی
—فائل فوٹو: فیوژ ٹی وی

امریکی پاپ اسٹار 26 سالہ سلینا گومز یوں تو ان دنوں اپنی آنے والی اینیمیٹڈ فلم ‘ہوٹل ٹرانسلوینیا 3‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، ان کی خواہش ہے کہ وہ بھی دیگر عالمی گلوکاروں کی طرح بولی وڈ میں اپنی آواز اور رقص کا جادو جگائیں۔

امریکی گلوکارہ کے مطابق اگر انہیں کبھی موقع ملا تو وہ ضرور بولی وڈ فلم کے لیے بھارتی موسیقاروں کے ساتھ مل کر کام کریں گی۔

بھارتی نشریاتی ادارے ‘مڈ ڈے’ سے بات کرتے ہوئے سلینا گومز نے اپنی خواہش کا اظہار کیا اور بتایا کہ انہیں بولی وڈ فلم کے لیے خصوصی گانے کا بے حد شوق ہے۔

نوجوان گلوکارہ نے بھارت کے آسکر ایوارڈ یافتہ مسلم گلوکار اے آر رحمٰن کو اپنا پسندیدہ موسیقار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان سمیت دیگر کچھ بھارتی موسیقاروں کو بھی جانتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ‘سلینا گومز سرخ لباس میں بدصورت نظر آتی ہیں‘

سلینا گومز کے مطابق وہ بولی وڈ فلم کے لیے اے آر رحمٰن کے ساتھ کام کرنا چاہیں گی۔

انہوں نے اے آر رحمٰن کی ترتیب دی گئی موسیقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ واحد موسیقار ہیں جنہوں نے مشرقی و مغربی موسیقی کا خوبصورت امتزاج کیا۔

—فوٹو: اربن ایشین
—فوٹو: اربن ایشین

گلوکارہ نے اپنی گفتگو کے دوران یہ نہیں بتایا کہ انہیں بولی وڈ سے کسی گانے کی پیش کش ہوئی ہے یا نہیں، تاہم انہوں نے ہندی فلم میں گانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ سلینا گومز کی خواہش سامنے آنے کے بعد بولی وڈ پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز کسی بھی آئٹم نمبر کے لیے ان کی خدمات حاصل کریں گے۔

اگر سلینا گومز نے کسی بولی وڈ فلم میں اپنی آواز اور رقص کا جادو جگایا تو وہ پہلی عالمی گلوکارہ نہیں ہوں گی، ان سے قبل بھی کچھ عالمی گلوکاروں نے بھارتی فلموں میں گانے گائے ہیں۔

گزشتہ برس ریلیز ہونے والی بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ‘جب ہیری میٹ سیجل’ کے گانے ‘پھر’ میں امریکی گلوکار اور ریپر ڈیپلو نے بھارتی گلوکار پریتم کے ساتھ مل کر اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔

اس گانے نے فلم کی ریلیز سے قبل ہی شہرت حاصل کرلی تھی۔

اس سے قبل شاہ رخ خان کی 2011 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘راون’ کے معروف گانے ‘چھمک چھلو’ کو بھی امریکی گلوکار ایکون نے گایا تھا، اس گانے نے بھی فلم کی ریلیز سے قبل ہی دھوم مچادی تھی۔

اسی طرح 2011 میں ہی ریلیز ہونے والی بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار کی فلم ‘بلیو’ کے گانے ‘چگی وگی’ میں بھی آسٹریلین برٹش گلوکارہ کایلی منوگ نے اپنی آواز کا جادو جگایا تھا۔

اس گانے میں کایلی منوگ نے نہ صرف آواز کا جادو جگایا تھا، بلکہ وہ اس میں ڈانس بھی کرتی دکھائی دی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024