سیاسی عدم برداشت کا نشانہ بننے والا گدھا دنیا میں نہیں رہا
کراچی میں سیاسی عدم برداشت کا نشانہ بننے والا گدھا ’ہیرو‘ دنیا میں نہیں رہا۔
جانوروں کی دیکھ بھال کرنے والی عائشہ چندریگر فاؤنڈیشن (اے سی ایف) اینیمل ریسکیو کے مطابق ’ہیرو‘ کی حالت گزشتہ روز تک بہتر تھی اور وہ خود سے کھڑے ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
اس کے علاوہ جبڑا ٹوٹنے کے باوجود وہ صحت مند غذا کھانے اور خود سے پانی پینے کی بھی کوشش کر رہا تھا جبکہ اس کے زخم بھرنے کے لیے گزشتہ کئی دنوں میں 4 ڈرپس، ملٹی وٹامنز اور اینٹی بائیوٹک دی گئی تھیں۔
مزید پڑھیں: سیاسی مخالفت میں اخلاقیات کا جنازہ
اے سی ایف اینیمل ریسکیو کے مطابق ہیرو کی جلد اور ہڈیاں ناقابل یقین طور پر کمزور ہوگئی تھیں اور وہ کافی تکلیف میں تھا۔
ادارے کی جانب سے بتایا گیا کہ وہ لوگ اس کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے، اسے سہلانے اور مساج کرنے کا کام انجام دے رہے تھے تاکہ وہ بے چین نہ رہے کیونکہ اس کا دل کافی تیز دھڑک رہا تھا۔
تاہم آج صبح اس کا بلڈ پریشر کافی بڑھ گیا اور اس کے جسم کا درجہ حرارت بار بار تبدیل ہورہا تھا۔
ریسکیو ادارے کی جانب سے بتایا گیا کہ اس کے بعد ہیرو کی ناک سے خون آنا شروع گیا تھا اور وہ صحیح طریقے سے سانس نہیں لے پارہا تھا۔
ہیرو کو اندرونی چوٹ بہت زیادہ آئی تھیں، جس کے باعث وہ تکلیف برداشت نہیں کرسکا اور موت کا شکار ہوگیا۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل ملک میں انتخابی گہما گہمی کے دوران سیاسی جماعتوں اور ان کے حامی اپنی حریف جماعتوں اور رہنماؤں کی مخالفت میں اتنا آگے بڑھ گئے تھے کہ انہوں نے ایک بے زبان جانور کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عوام میں بڑھتی ہوئی سیاسی عدم برداشت
مخالفین نے بے زبان جانور ’گدھے‘ پر نہ صرف سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ’نواز‘ لکھا تھا بلکہ اس دوران گدھے کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا، جس سے اس کی آنکھ کے قریب زخم آئے تھے اور اس کی ٹانگ بھی ٹوٹ گئی تھی۔
گدھے کو تشدد کا نشانہ بنانے سے اسے اندرونی چوٹیں بھی آئی تھیں، جس کے بعد اے سی ایف اینیمل ریسکیو نے اس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری اٹھائی تھی۔
تبصرے (1) بند ہیں