ووٹ دو، فرائیز، برگر اور کافی مفت لو
ملک میں گیارہویں عام انتخابات کا میلہ سجنے کو ہے اور عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے حوالے سے انتہائی پرجوش ہیں۔
اس بار 10 کروڑ سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں سے 2 کروڑ سے زائد نوجوان ایسے ہیں جو پہلی بار ووٹ دیں گے۔
25 جولائی کو ووٹ دینے کے بعد عوام کو کیا ملے گا، اس کا پتا تو نئی حکومت قائم ہونے کے 100 دن بعد ہی چلے گا تاہم ووٹ کاسٹ کرنے کے فوری بعد بھی عوام کو کئی فوائد حاصل ہوں گے۔
جی ہاں، پاکستان کے متعدد ریسٹورنٹس نے عام انتخابات کے حوالے سے منفرد پیش کش کا اعلان کردیا۔
ریسٹورنٹس کے مطابق 25 جولائی کو عام انتخابات کے دن ووٹ کاسٹ کرنے والے افراد اپنے انگوٹھے پر سیاہی کے نشان کے ساتھ ان کے ہاں تشریف لائیں اور انہیں سیاہی لگے انگوٹھا دکھانے کے بعد مفت کھانا حاصل کریں۔
کچھ ریسٹورنٹس ووٹ دینے والے شخص کو سیاہی لگے انگوٹھے دکھانے کے بعد کافی اور فرینچ فرائیز جیسی اشیاء مفت فراہم کریں گے، جب کہ متعدد ریسٹورنٹس 50 فیصد تک رعایت دیں گے۔
یہ پیش کش بڑے اور معروف برانڈز کی جانب سے کی گئی ہے، جب کہ اس کا فائدہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں کے عوام 25 جولائی کو اٹھاسکیں گے۔
یہ پیش کش صرف عام انتخابات کے دن تک ہی محدود رہے گی، تاہم ریسٹورنٹس نے یہ وضاحت نہیں کی کہ اس پیش کش سے ایک شخص کتی بار فائدہ اٹھا سکتا ہے اور یہ پیش کش 25 جولائی کو کس وقت تک جاری رہے گی۔
مفت کھانے فراہم کرنے والے ریسٹورنٹ
برگر ان لا
دی ڈیلی
برگر لیب
اسکوائرس کافی
ایکسپریسو
ایمبروسیا
ڈیل فریو
رعایت کرنے والے ریسٹورنٹ
بمزیز
پیراماؤنٹ فائن فوڈ
کبابستان
تبصرے (1) بند ہیں