میگھن مارکل اب تک برطانوی شہری کیوں نہیں بن سکیں؟
میگھن مارکل رواں سال مئی میں شہزادہ ہیری کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ کر برطانوی شاہی خاندان کا حصہ ضرور بن گئیں مگر وہ برطانوی شہریت تاحال حاصل نہیں کرسکیں۔
تاہم شہزادی بن جانے کے باوجود آخر کار میگھن مارکل برطانوی شہریت سے محروم کیوں ہیں؟
تو اس کا جواب یہ ہے کہ برطانوی قوانین کے تحت اگر کوئی غیرملکی اس ملک کے شہری سے شادی کربھی لیتا ہے تو بھی اسے شہریت فوری طور پر نہیں ملتی بلکہ کچھ شرائط کو پورا کرنا پڑتا ہے۔
شہزادہ ہیری کے کمیونیکشن سیکرٹری کے مطابق برطانوی شاہی خاندان کی اس نئی شادی کو شہریت کے حصول میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جارہی اور یہی وجہ ہے کہ میگھن مارکل ہر وقت امیگریشن ضروریات کی شکایت کرتی رہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میگھن مارکل کو برطانوی شہری بننے کے لیے کئی برس کے طریقہ کار سے گزرنا پڑے گا اور اس دوران کافی خرچہ بھی کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں : نوبیاہتا شاہی جوڑا ایک ارب کے تحائف واپس کرنے پر مجبور کیوں؟
سب سے پہلے تو انہیں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ شہزادہ ہیری اور شہزادی کی مجموعی آمدنی 24 ہزار ڈالرز سے زیادہ ہے یا یہ ثابت کرنا ہوگا کہ بینک میں 21 ہزار ڈالرز موجود ہیں، ہر بچے پر یہ مالی ضمانت کئی ہزار ڈالرز بڑھ جائے گی۔
تاہم میگھن مارکل کو امریکی شہری ہونے کا ایک فائدہ ضرور ہوگا اور وہ یہ کہ انہیں انگلش زبان میں مہارت کے ٹیسٹ سے گزرنا نہیں پڑے گا۔
برطانوی شاہی خاندان کی اس شہزادی کو ہر 6 ماہ بعد اس ملک میں قیام کے لیے ویزہ کی درخواست دینا ہوگی ورنہ وہ وہاں قیام نہیں کرسکیں گی اور چونکہ میگھن مارکل کے پاس ورک ویزہ نہیں تو وہ وہاں کوئی کام بھی نہیں کرسکتیں۔
میگھن مارکل نے شادی سے ایک ماہ قبل برطانیہ کے فیملی ویزہ کے لےی درخواست دی تھی اور شکاگو کے برطانوی ویزہ اپلیکشن سینٹر سے رجوع کیا تھا تاکہ لمبی قطار سے بچ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں : برطانوی شہزادے ہیری اور میگھن کی شادی کا خرچہ کتنا ہوگا؟
اب شادی کے بندھن میں بندھ جانے کے بعد میگھن مارکل کو مکمل برطانوی شہری بننے کے لیے 5 سال تک کا انتظار کرنا ہوگا۔
شہزادہ ہیری کے کمیونیکشن سیکرٹری کے مطابق اس عرصے کے دوران شہزادی کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ وہ برطانیہ سے باہر 270 سے زیادہ دن نہ گزاریں۔
اسی طرح انہیں شہریت کے ایک ٹیسٹ کا حصہ بننا ہوگا جس میں کچھ ایسے سوالات ہوسکتے ہیں ' برطانوی ملکہ سے شادی کس نے کی ؟ وغیرہ وغیرہ۔
یہ ٹیسٹ 66 ڈالرز کا ہوگا جبکہ انہیں شہریت کی درخواست کے لیے اضافی 1679 ڈالرز جمع کرانا ہوں گے۔