• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عالمی بینک سندھ حکومت کو 10 ارب ڈالر فراہم کرنے پر رضامند

شائع October 3, 2018

عالمی بینک نے کراچی سمیت سندھ بھر میں مختلف اداروں میں اصلاحات ا ور ترقیاتی کاموں کے لیے صوبائی حکومت کو 10 ارب ڈالر مالی تعاون فراہم کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور عالمی بینک کے عہدیداروں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں عالمی بینک نے کراچی میں جاری 8 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے ایک منصوبے کے علاوہ مزید تین منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر ایک ارب 24 کروڑ ڈالر تعاون کی پیش کش کی ہے۔

عالمی بینک کی جانب سے جن تین منصوبوں میں مالی تعاون کی پیش کش کی گئی ان میں 20 کروڑ ڈالر کا کراچی اربن منیجمنٹ، 40 کروڑ ڈالر کا کراچی اربن موبیلیٹی اور 64 کروڑ ڈالر کا کراچی واٹر اینڈ سیوریج کے منصوبے شامل ہیں۔

عالمی بینک کا 11 رکنی وفد کنٹری ڈائریکٹر پیچاموتھو الینگوین کی سربراہی میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے ملاقات کے لیے پہنچا، ملاقات میں سعید غنی سمیت صوبائی وزرا بھی شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ’کراچی میں بس منصوبے کیلئے چینی بینک 10 کروڑ ڈالر دے گا‘

ملاقات میں تمام منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی گفت وشنید کے بعد معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے منصوبہ بندی اور ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ مقامی انتظامیہ سے منظوری حاصل کی جا سکے۔

اجلاس میں کراچی اور دیگر اضلاع میں پراپرٹی کے حوالے سے تازہ سروے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ‘میں احتساب کے ذریعے یہ اہداف حاصل کرنے کے لے پرعزم ہوں’۔

کراچی اربن منیجمنٹ پراجیکٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ کی اربن منیجمنٹ سروس کو بہتر کرنا تھا۔

وزیر اعلیٰ نے منصوبہ بندی اور ڈیولپمنٹ بورڈ کے چیئرمین محمد وسیم کو مقامی انتظامیہ اور سیکریٹری بلدیات کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں: کراچی بہت پیچھے رہ گیا، اسے ترقی یافتہ شہر بنانا ہے، وزیر اعظم

عالمی بینک کے 40 کروڑ ڈالر کا کراچی اربن موبیلیٹی منصوبے کا مقصد کراچی میں روڑ سیفٹی ہے جبکہ اس پراجیکٹ کے ذریعے یلو لائن بس رایپڈ ٹرانزٹ سسٹم (بی آر ٹی ایس) کوریڈور سمیت انفراسٹرکچر اور بی آر ٹی ایس کی تعمیر شامل ہے۔

مراد علی شاہ نے منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے عہدیداران کو ضروری معاملات فوری نمٹانے کی ہدایت کر دی۔

عالمی بینک کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے لیے ایک ارب 60 کروڑ ڈالر کی تجویز دے چکا ہے جس میں صاف پانی، سیوریج سروس اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں جاری پانی، ٹرانسپورٹ کے منصوبے پہلی ترجیح ہیں، مراد علی شاہ

عالمی بینک نے صوبے میں صحت، آبادی، تعلیم اور سماجی تحفظ کے شعبے میں خواتین کے کردار اور سرمایہ کاری کو بہتر بنانے کے لیے 40 کروڑ ڈالر کے منصوبے کی تجویز دی ہے۔

عالمی بینک نے فشریز کے شعبے میں بہتری کے لیے 15 کروڑ ڈالر کے منصوبے کی بھی تجویز دی ہے۔

مراد علی شاہ کا عالمی بینک کی صوبے میں روزگار اور مسابقتی منصوبوں کے لیے 40 کروڑ ڈالر کے منصوبے کے حوالے سے کہنا تھا کہ اس منصوبے کا مقصد کاروباری ماحول کو بہتر کرنے اور مزید سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرکے معاشی مسابقت کو بہتر کرنا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024