جونی ڈیپ نے سابق اہلیہ اور برطانوی اخبار پر مقدمہ کردیا
شہرہ آفاق فنٹیسی فلم ’ پائریٹس آف دی کیریبیئن ‘ میں کیپٹن جیک اسپیرو کا کردار ادا کرنے سے شہرت حاصل کرنے والے ہولی وڈ اداکار جونی ڈیپ نے سابق اہلیہ اداکارہ امبر ہیرڈ اور برطانیہ کی اخبار پر ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا۔
جونی ڈیپ نے سابق اہلیہ امبر ہیرڈ پر تشدد کے جھوٹے الزامات لگانے سے متعلق عدالت میں نئی درخواست دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ایسے ثبوت ملے ہیں جن سے وہ یہ ثابت کرنے میں کامیاب جائیں گے کہ ان پر تشدد کے الزامات جھوٹے ہیں۔
ساتھ ہی جونی ڈیپ نے برطانوی اخبار ’دی سن‘ پر یک طرفہ اور جھوٹا مضمون شائع کرنے پر بھی ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا۔
دی سن نے گزشتہ برس جونی ڈیپ کے خلاف ایک مضمون لکھا تھا جس کا عنوان تھا ’بیوی پر تشدد کرنے والا‘۔
اس مضمون میں بتایا گیا تھا کہ کس طرح جونی ڈیپ نے اپنی اہلیہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
مضمون میں جہاں جونی ڈیپ کو بیوی پر تشدد کرنے والے شخص کے طور پر پیش کیا گیا، وہیں ان کی سابق اہلیہ امبر ہیرڈ کو ایک مظلوم خاتون کے طور پر بھی پیش کیا گیا۔
یہ مضمون ایک ایسے وقت میں شائع کیا گیا، جب ہولی وڈ میں خواتین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کی مہم ’می ٹو‘ اپنے عروج پر تھی۔
جونی ڈیپ پر سابق اہلیہ امبر ہیرڈ نے مئی 2016 میں الزام عائد کیا تھا کہ انہیں شوہر نے تشدد کا نشانہ بنایا۔
امبر ہیرڈ کے مطابق جونی ڈیپ نے ان کے چہرے پر موبائل فون تیزی سے مارا، ساتھ ہی اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ شوہر نے ان پر بوتل سے بھی حملہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہولی وڈ اداکار جونی ڈیپ پر بیوی پر تشدد کا الزام
امبر ہیرڈ نے تشدد کرنے پر جونی ڈیپ پر مقدمہ دائر کرتے ہوئے طلاق کی درخواست بھی دی تھی۔
امبر ہیرڈ سابق شوہر کی جانب سے تشدد کی تصاویر بھی سامنے لے آئی تھیں اور بعد ازاں دونوں میں 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔
اگرچہ جونی ڈیپ نے پہلے دن سے ہی امبر ہیرڈ پر تشدد کے الزامات کو مسترد کیا، تاہم اب اطلاع سامنے آئی ہے کہ جونی ڈیپ ایسے ثبوت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، جس وہ خود کو بے گناہ ثابت کرنے میں کامیاب جائیں گے۔
نشریاتی ادارے ’ای نیوز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جونی ڈیپ کے وکیل نے اپنے مؤکل پر امبر ہیرڈ کی جانب سے لگائے گئے جھوٹے الزامات کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کردی۔
جونی ڈیپ کے وکیل نے نشریاتی ادارے کو بھیجے گئے بیان میں تصدیق کی کہ وہ ایسے ثبوت حاصل کرنے میں کامیاب گئے ہیں جس سے یہ ثابت کیا جا سکے گا کہ ان کے مؤکل پر تشدد کے الزامات جھوٹے ہیں۔
جونی ڈیپ کے وکیل کے مطابق انہیں نہ صرف سیکیورٹی ویڈیوز ملے ہیں، بلکہ انہیں ایسے عینی شاہدین بھی ملے ہیں جنہوں نے تصدیق کی ہے کہ جس دن امبر ہیرڈ تشدد کے الزامات لگا رہی ہیں، اس دن انہوں نے ان کے چہرے پر کوئی تشدد کے نشانات نہیں دیکھے۔
مزید پڑھیں: جونی ڈیپ نے سابق اہلیہ امبر ہیرڈ کے الزامات سے متعلق خاموشی توڑدی
اداکار کے وکیل کے مطابق انہوں نے امبر ہیرڈ کے الزامات کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے اپنے ثبوتوں کی فہرست بھی عدالت کو فراہم کردی اور انہیں یقین ہے کہ وہ اس بار کامیاب جائیں گے۔
دوسری جانب امریکی خبر رساں ادارے ’پیپلز میگزین‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جونی ڈیپ نے برطانوی اخبار دی سن کے خلاف بھی ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا۔
رپورٹ کے مطابق جونی ڈیپ نے برطانوی عدالت میں اخبار کے خلاف کیس دائر کرتے ہوئے ان پر 2 لاکھ یورو ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا۔
ساتھ ہی اداکار نے اخبار سے قانونی جنگ کی مد میں معاوضے کی رقم کی ادائگی کا مطالبہ بھی کیا۔