• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

تلور کے شکار کے اجازت نامے دینے سے پاکستان کا 'جی ایس پی پلس' اسٹیٹس خطرے میں

شائع February 11, 2019 اپ ڈیٹ September 20, 2019
موسمِ سرما میں ہجرت کے دوران عرب میں بے انتہا شکار کے باعث تلور اب خلیجی ممالک کا رخ نہیں کرتے —فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
موسمِ سرما میں ہجرت کے دوران عرب میں بے انتہا شکار کے باعث تلور اب خلیجی ممالک کا رخ نہیں کرتے —فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: وفاقی حکومت نے نایاب پرندے تلور کے شکار کے لیے اجازت نامے دینے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے خلیجی ممالک کے شاہی خاندانوں کے افراد کو مزید 12 خصوصی اجازت نامے جاری کردیے۔

اعلیٰ سرکاری ذرائع کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جن افراد کو اجازت نامے دیے گئے ان میں سعودی عرب کے خطے تبوک کے گورنر، شہزادہ فہد بن سلطان عبدالعزیز السعود کو بلوچستان کے ضلع آوران، نوشکی (نوشکی شہر کے علاوہ)، چاغی (شمال مغربی حصے کے علاوہ) اور شہزادہ منصور بن محمد عبدالحمٰن السعود کو ڈیرہ بگٹی اور سوئی کے علاقوں میں شکار کی اجازت دی گئی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زاید النہیان اور ولی عہدشیخ محمد بن زاید النہیان کو پنجگور، خاران اور ژوب میں (قمر دین کاریز کے علاوہ) شکار کا اجازت نامہ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی شہزادہ اور 2100 تلور کا شکار

اسی طرح یو اے ای کے صدر کے بیٹے اور سابق نائب وزیراعظم شیخ محمد بن خلیفہ بن زایدالنہیان کو لورالئی (دکی کے علاوہ)، ابوظہبی کے حکمران کے ترجمان شیخ ہمدان بن زاید النہیان کو سبی کی تحصیل لہری اور یو اے ای کے نائب صدر اور وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم اور دبئی کے ولی عہد شیخ محمد بن ہمدان بن محمد بن راشد المکتوم کو ضلع خضدار، لسبیلہ اور چاغی میں بلوچستان کے شمال مغربی علاقوں میں شکار کی اجازت دی گئی۔

علاوہ ازیں قطر کے شیخ تمیم بن حماد بن خلیفہ کو ضلع واہشک، ان کے بزگ عزیز شیخ جاسم حماد بن خلیفہ کو موسیٰ خیل، تحصیل درگ اور ضلع کچھی کی تحصیل میں شکار کرنے کا اجازت نامہ جاری کیا گیا۔

قطر کے شاہی خاندان کی سپریم کونسل کے ایک رکن شیخ علی بن عبداللہ ثانی کو ضلع کیچ، شاہی خاندان کے ایک اور فرد شیخ فیصل بن نصیربن ہمدان کو قلعہ سیف اللہ، کاکڑ خراسان اور قمر دین کاریز میں، بحرین کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف شیخ خلیفہ بن احمد الخلیفہ کو موسیٰ خیل میں تحصیل توائسر میں شکار کی اجازت دی گئی۔

اس کے ساتھ بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹننٹ جنرل شیخ راشد بن عبداللہ الخلیفہ کو ضلع جعفر آباد کے علاقوں میں بین الاقوامی سطح پر نایاب تصور کیے جانے والے پرندے تلور کا شکار کرنے کی اجازت دی گئی۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے گزشتہ دورِ حکومت میں وفاقی حکومت کی جانب سے عرب شاہی خاندانوں کو تلور کے شکار کے لیے اجازت نامے جاری کرنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور انہیں خیبرپختونخوا میں شکار کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا جہاں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت تھی۔

اس سے قبل گزشتہ 10 دنوں میں خلیجی ممالک کے 13 شاہی افراد کو سندھ کے علاقوں میں تلور کے شکار کے اجازت نامے دیے گئے تھے جبکہ دسمبر سے پاکستان میں عرب شاہی افراد کے تلور کے شکار کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید پڑھیں: عرب شاہی خاندانوں کو تلور کے شکار کیلئے مزید 13 اجازت نامے

ذرائع کے مطابق ان اجازت ناموں کے اجرا سے پاکستان کو یورپی یونین کی جانب سے دیا گیا جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرینس (جی ایس پی –پلس) کا اسٹیٹس چھن جانے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس سے فائدہ اٹھانے والے ملک کی حیثیت سے پاکستان پر متعدد بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، خاص کر ماحولیاتی تحفظ کے معاہدوں کی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ یورپی یونین وقفے وقفے سے جائزہ لیتی ہے کہ ممالک ان بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کررہے ہیں یا نہیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

سلمان بلوچ Feb 11, 2019 11:46am
ھم پوری دنیا کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟ یہی کہ پیسے دیدو کچھ بھی کرلو! ماحولیات تو دور کی بات ہم بچے کچے مہمان پرندوں کے لیئے عذاب بن چکے ہیں انکی مجبوری ہے کہ وہ یہاں گزرتے ہیں اور ہم دنیا کو دعوت دے دے کر بلا رہے ہیں کہ آجائو یہاں موجود ہے مہمان پرندہ، افسوس سد افسوس۔ شاید ہم دنیا کے غیر زمہ دار ریاستوں میں سرپہرست ہیں
Muqeet Feb 12, 2019 02:36am
@سلمان بلوچ Right %100

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024