خراب حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک معاشی بحران کا شکار ہے، آصف زرداری
دادو/نوشہرو فیروز: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کی خراب معاشی پالیسیوں اور ناقص منصوبہ بندی کے نتیجہ میں ملک آج بڑے معاشی بحران کا سامنا کر رہا ہے۔
سندھ کے علاقے مورو ٹاؤن سے 27 کلومیٹر دور شاہ بیگ گاؤں کے دورے کے دوران پی پی پی کارکنوں سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب اور متوسط طبقے کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے اور انہیں نوکریاں اور دیگر سہولیات فراہم کی ہیں، یہی وکہ ہے کہ عام انتخابات میں عوام پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور اپنے حقوق کے تحفظ کی جنگ کے لیے نمائندوں کو ایوانوں میں بھیجتے ہیں۔
مزید پڑھیں: آصف زرداری کی ممکنہ گرفتاری، پیپلزپارٹی کی حکمت عملی تیار
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ غریب اور کارکنوں کے حق میں پارٹی پالیسی کے باعث پیپلز پارٹی کو کارکنوں کے حقوق کے لیے جدوجہد اور رکاوٹوں کو سامنا کرنا پڑتا ہے۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اس عظمیم جدوجہد میں پیپلز پارٹی اپنے کارکنوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور برابری کے حقوق اور ملک میں اقتصادی نظام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی کی انہیں پالیسیوں سے عوام اب بھی پیار کرتے ہیں اور اقتدار میں لانے کے لیے ہمیشہ ووٹ بھی کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا آصف علی زرداری کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ
بعد ازاں سابق صدر آصف زرداری پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما شاہ بیگ سبکی کے گھر گئے اور ان کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
اس موقع پر آصف علی زرداری کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما ضیا حسین لنجھر اور ممتاز چانڈیو بھی موجود تھے۔
یہ خبر 12 فروری 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی