چوہدری نثار نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ 35 سالہ رفاقت ختم کردی
ٹیکسلا: سابق وزیر داخلہ اور سینئر سیاست دان چوہدری نثار علی خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ اپنی وابستگی سے متعلق قیاس آرائیوں کو ختم کرتے ہوئے 35 سال بعد پارٹی سے راستے جدا کرنے کا اعلان کردیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق واہ کینٹ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ ’میں مزید مسلم لیگ (ن) کا حصہ نہیں ہوں‘۔
چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے ضمیر کے مطابق یہ فیصلہ لیا، وہ اپنے آپ کو فروخت کے لیے نہیں رکھ سکتے، ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ طویل عرصے پاکستان مسلم لیگ (ن) کا حصہ رہے اور انہوں نے عزت کے لیے سیاست کی اقتدار کے لیے نہیں۔
مزید پڑھیں: چوہدری نثار: اصول پرست یا مفاد پرست؟
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کئی سینئر رہنماؤں کے مضبوط تعلقات تھے لیکن ’میں متعدد مرتبہ کہہ چکا ہوں کہ میں مزید مسلم لیگ (ن) کا حصہ نہیں ہوں'۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے کچھ سینئر رہنماؤں اور ان کے درمیان اختلافات اور معاملات تھے جنہیں حل نہیں کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو مختلف محاذوں پر کمزور کرنے کے لیے اس کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے ملک میں جاری سیاسی افراتفری کے لیے اپوزیشن اور حکومت کو ذمہ دار قرار دیا۔
چوہدری نثار علی خان نے پاکستان تحریک انصاف حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس کوئی پالیسی نہیں کہ کس طرح مسائل کو حل کیا جائے اور غریب لوگوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا ملک کے عوام پر منفی اثر پڑے گا، ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اکتوبر تک ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوسکتا ہے اور غریب عوام کی زندگی پر اثر پڑے گا اور ایسی صورتحال حکومت کے خلاف عوامی تحریک کا باعث بن سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چوہدری نثار کا آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان
ان کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار میں آنے سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے بڑے دعوے کیے تھے لیکن حکومتی جماعت نے خود کو بین الاقوامی مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) اور عالمی بینک جیسے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے سامنے سرنڈر کردیا، ساتھ ہی انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ اب حکومت ان اداروں سے ڈکٹیشن لے رہی ہے۔
چوہدری نثار علی خان نے آئی ایم ایف کے مجوزہ بیل آؤٹ پیکج پر کہا کہ حکومت نے ملک کو داؤ پر لگا دیا ہے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو غریب عوام کو کچھ ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کرنے چاہیں۔