• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

لفظ تماشا: روسیا کتے کا پلّا

شائع July 27, 2019 اپ ڈیٹ August 8, 2019

اہل عرب ’روس‘ کو ’روسیا‘ کہتے ہیں۔ ایک اردو شاعر نے اپنی معشوقہ اول کے عاشقِ دوم کو ’روسیا‘ نسل کا کتا قرار دیا اور اس کی وجہ یہ بیان کی ہے کہ وہ یارِ طرحدار کی ’ابرو‘کو چتوَن نہیں کہتا بلکہ بَھوں پکارتا ہے:

رقیب روسیا کتے کا پلا

چتوَن یار کو کہتا ہے بَھوں

کافی سوچ بچار پر بھی یہ عقدہ نہیں کُھلا کہ دیسی کتوں کا ایسا کون سا توڑا پڑ گیا تھا، جو شاعر نے تشبیہ کے لیے روسی کتے کا انتخاب کیا۔ پھر روسی کتا ہی کیوں؟ جرمن شیفرڈ یا انگلش اسپرنگر کیوں نہیں؟ پھر خیال گزرا کہ شاید روسی کتے بہت ہی ’کتے‘ ہوں گے، تبھی شاعر کو بھاگئے۔

اس کتے پن پر غور جاری تھا کہ اس شعر کا ایک اور ’نسخہ‘ ہاتھ لگا۔ جس کے مطابق لفظ ’روسیا‘ نہیں ’روسیاہ‘ ہے، جو اردو میں ’کلمُوہا‘ کہلاتا ہے۔ اگر ایک ہی وقت میں کسی کو کالے منہ والا، حاسد، کمبخت، الو اور پاجی وغیرہ قرار دینا ہو تو فارسی میں ’روسیاہ‘ اور اردو میں ’کلمُوہا‘ کہہ کر توانائی بچاتے ہیں۔

ہمارے یہاں حاسدین کی ایک ایسی قسم بھی ہے جن کا نشانہ ٹرک ہوتے ہیں۔ ایسے میں رفع شر کے لیے ٹرکوں پر جلی حروف میں ’جلنے والے کا منہ کالا‘ لکھوایا جاتا ہے۔

روس کے ذکر سے یاد آیا کہ صدر پیوٹن سے پہلے روس کا کمیونزم اور ان دونوں سے پہلے روس کے بادشاہ مشہور تھے۔ روسی زبان میں بادشاہ کو ’Czar‘ کہتے ہیں۔ اس کا تلفظ ’زار‘ ہے۔ یعنی اس Czar میں ’C‘ خاموش (Silent) ہے۔ ’زارِ روس‘ ایک عام اصطلاح ہے۔ اردو کے سب سے بڑے اخبار میں ’Czar‘ کو ’سی زار‘ لکھا گیا ہے۔ مطلب یہ کہ ’جو دکھتا ہے وہ لکھتا ہے‘۔ روک سکو تو روک لو۔

’زار‘ کی زوجہ زارینہ (Czarina) کہلاتی ہے۔ روسی ’زارینہ‘ کو پاکستانی ’زرینہ‘ سے کوئی نسبت نہیں، کیونکہ ’زرینہ‘ کی نسبت پہلے ہی ’زرین‘ سے طے ہے۔

زار (Czar) کو انگریزی زبان میں سیزر (Caesar) کہتے ہیں۔ عام روایت کے مطابق قدیم رومہ میں ہر وہ بچہ ’سیزر‘ کہلاتا تھا جس کی ولادت سے عین قبل اس کی ماں کا انتقال ہوجائے اور بچے کو ماں کا پیٹ چاک کرکے نکالا جائے۔

سیزیرین پیدائش (Cesarean birth) اسی طرف اشارہ کرتی ہے۔ چونکہ روم کے اقبال مند حکمران جولیس کی پیدائش بھی کچھ اسی طرح ہوئی تھی اس لیے ’سیزر‘ اس کے نام کا جزو بن گیا اور وہ جولیس سیزر کہلایا۔ بعد میں سبھی رومی حکمران اپنے نام کے ساتھ ’سیزر‘ لکھنے لگے۔ جیسے آگسٹس سیزر، تیبیریس سیزر وغیرہ’۔ سیزر ‘بادشاہوں کے نام کا جزو بن جانے کی وجہ سے لفظ ’بادشاہ‘ کا مترادف ہوگیا۔

’سیزر‘ سرزمینِ عرب پہنچ کر ’قیصر‘ کہلایا۔ پھر عربوں نے اپنے مزاج کے مطابق اس قیصر کے محل کو ’قصر‘ کا نام دیا اور اس کی جمع ’قصور‘ بنائی۔ علامہ اقبال کو ’شکوہ‘ تھا کہ:

قہر تو یہ ہے کہ کافر کو ملے حور و قصور

اور بیچارے مسلمان کو صرف وعدہ حور

یہی قصر حرف ’ر‘ کے ’ل‘ سے بدلنے پر انگریزی میں کیسل (castle) کہلاتا ہے۔ مگر محل کے معنی میں نہیں بلکہ ایسے قلعے کے معنی میں جہاں فوج کے ساتھ عام طور پر بادشاہ بھی مقیم ہوتا ہے۔

تقریباً 15 یا 20 برس پہلے کی بات ہے، ایک روز سینئر صحافی مرحوم ڈاکٹر اشتیاق صاحب نے علامہ اقبال کے شعر میں موجود ’قصور‘ کو ’قیصر‘ کی باندیاں بتایا تھا۔ بات دل کو لگی کہ عمر ہی کچھ ایسی تھی۔ ’کفار‘ کے ’ڈبل مزے‘ پر رشک ہی تو آگیا تھا۔ بعد میں کوشش کے باوجود اس بیان کی تائید نہیں ہوسکی۔

اردو کی کسی لغت اور فارسی کی کسی فرہنگ نے ڈاکٹر صاحب کی بات کا ساتھ نہ دیا۔ اب صورتحال یہ ہے کہ ہم کراچی میں اور ڈاکٹر صاحب دنیا میں نہیں رہے۔ حوالہ چاہیں بھی تو کس سے؟ دعا ہے اللہ پاک ڈاکٹر صاحب کو حور و قصور سے ہمکنار فرمائے۔ آمین

چند دن پہلے خبر گرم تھی: ’پمپنگ اسٹیشن سے کتے کی لاش برآمد، سعید غنی کا نوٹس‘۔ یہ سرخی بھی ایک بڑے اخبار ہی نے جمائی ہے۔بہتر تو یہ تھا کہ ’کتے کی لاش برآمد‘ کے بجائے ’مردہ کتا برآمد‘ لکھا جاتا۔ سعید غنی کے نوٹس والی بات جانے دیں کہ ناحق کتے کی روح پکار اٹھے: ’کی میرے قتل کے بعد اس نے جفا سے توبہ‘۔

’نعش‘ اور ’لاش‘ اردو میں ہم معنی الفاظ ہیں۔ ان دونوں کے معنوں میں ’مردہ، جسد، جنازہ، میت اور تابوت‘ وغیرہ شامل ہیں، یعنی اپنے مفہوم اور محلِ استعمال میں دونوں یکساں ہیں۔ عام طور پر اخبارات ’نعش‘ اور ’لاش‘ دونوں لکھتے ہیں، مگر اس فرق کے ساتھ کہ ’نعش‘ سے احترام وابستہ ہوتا ہے، جو ’لاش‘ کے حصے میں نہیں آتا، اس لیے کتے کی ’لاش‘ برآمد کرلیتے ہیں۔

’نعش‘ عربی زبان کا اور ’لاش‘ ترکی زبان کا لفظ ہے۔ گمان ہے کہ عربی زبان کا ’نعش‘ لہجے کے تھوڑے سے فرق کے بعد ترکی زبان میں ’لاش‘ ہوگیا ہے۔

فرہنگ آصفیہ والے مولوی سید احمد دہلویؒ نے ’نعش‘ کے معنی بیان کرچکنے کے بعد لکھا ہے:

’اس لفظ کو شعرائے ہند نے لاش کے موقع پر استعمال کیا ہے مگر لاش اور نعش میں فرق ہے‘۔

کیا فرق ہے؟ یہ واضح نہیں کیا۔ خجل اس وقت ہونا پڑا جب موصوف نے ’لاش‘ کے معنوں میں ’نعش‘ درج کرکے اپنے لکھے کی خود ہی تردید کردی۔

جہاں تک ہم سمجھ سکے ہیں لفظ ’نعش‘ عربی زبان میں ’تابوت اور اس چارپائی یا تختے کے لیے بولا جاتا ہے جس پر میت رکھی یا اٹھائی جاتی ہے۔ چونکہ تابوت یا تختہ ’مردے‘ سے متعلق ہے، اس رعایت سے اردو زبان میں ’نعش‘ اور ترکی زبان میں لاش، مردہ، جسد، جنازہ، میت اور تابوت وغیرہ کا مترادف ہوگیا ہے۔

اس ’لاش‘ کی ایک صورت ’لاشہ‘ بھی ہے تاہم اس کے لیے مرنا ضروری نہیں کیونکہ لاشہ کے معنوں میں بے جان جسم کے علاوہ ’کمزور، لاغر، دُبلا، ضعیف اور مطلق جسم‘ بھی شامل ہے۔

’نعش‘ کے معنوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے اب ذرا ’بناتُ النعش‘ پر غور کریں کہ جن کی بے حجابی کی خبر غالب نے یہ کہہ کر دی تھی :

تھیں بنات النعش گردوں دن کو پردے میں نہاں

شب کو ان کے جی میں کیا آئی کہ عریاں ہوگئیں

آپس کی بات ہے، اگر غالب نے کچھ ایسا ویسا دیکھ بھی لیا تھا، تو اس کا اعلان کرنے کی کیا ضرورت تھی۔ رہی بات ’بَناتُ النَّعش‘ کے لفظی تعاقب کی تو اس کا بیان کسی آئندہ نشست کے لیے اٹھا رکھتے ہیں۔

عبدالخالق بٹ

مضمون نگار گزشتہ دو دہائیوں سے قلم و قرطاس کو وسیلہ اظہار بنائے ہوئے ہیں۔ تاریخ، اقبالیات اور لسانیات ان کے خاص میدان ہیں۔ مؤقر اخبارات اور جرائد میں ان کے مضامین و مقالات شائع ہوتے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (10) بند ہیں

نعمان الحق Jul 27, 2019 06:30pm
بٹ صاحب بہت پیاری، لٹریری معلومات سے لبریز، اور ہلکی پھلکی تحریر لکھی ہے آپ نے۔ پڑھ کر مزا آیا۔ لکھتے رہیں۔ اللہ زور قلم میں اضافہ فرمائے آمین
ظفر اقبال Jul 27, 2019 09:25pm
عبد الخالق بٹ صاحب کا قلم دو دھاری تلوار ہے۔اور قاری کے ذہن کو کھولنے اور سطح بین اور کم کوش محققین کا پندار کھولنے اور ٹٹولنے میں شپا شپ سرگرم رہتا ہے۔ مضمون میں بلا کا ذخیرہ معلومات اور بہاؤ ہے۔ ہم جیسے کم علموں کو بھی اکتاہٹ محسوس نہیں ہوتی اور آخر تک قاری مصنف کے ساتھ رہتا ہے۔
bILGARAMI SHAH Jul 27, 2019 11:34pm
کمال لکھا ہے جناب،، بٹ صاحب کے دیگر مضامین کہاں سے مل سکتے ہیں۔کہاں چھپے ہیں۔۔
Bush Ahmed Jul 28, 2019 10:02am
تڑپتا ہے میرا لاشہ ہر قدم پر بتاٶ تو یارو یہ کِس کی گلی ہے
talha Jul 28, 2019 10:18am
Oh.bhaiee .kia kahoun ies bay maaniee siee tehreer per....
Ishtiaq lodhi Jul 29, 2019 12:39am
very nice piece of writing. Written in a classic style of Urdu, the author has great command over the subject discussed. I feel delighted to read it, made me laugh on some points. Indebted to say thanks to the writer Abdul Khaliq Butt.
Abdul Khaliq Butt Jul 29, 2019 12:51am
@bILGARAMI SHAH ۔۔۔۔ اس سلسلے کے دیگر مضامین درج ذیل لنک میں دیکھے جاسکتے ہیںhttps://daleel.pk/2019/07/18/105629
اشتیاق لودھی Jul 29, 2019 01:07pm
'جو دکھتا ہے وہ لکھتا ہے' ہنس ہنس کے پیٹ میں بل پڑگئے جناب ۔ سیزر اور سیزیرین کے حوالے سے معلومات حاصل ہوگئی۔ عبدالخالق بٹ صاحب کا انداز تحریر منفرد ہے۔ ماشاءاللہ
Alley Raza Jul 29, 2019 04:35pm
MashaAllah Butt sab chah gaye aap keep it up
Hussain Jul 30, 2019 07:38am
Bhai, great writing, enjoyed each word in depth and feeling with the reference culture it is magic mind control of your talent, keep it continued and give the opportunity to your followers, good luck and Allah Subhan eTallaj give you more strength, knowledge and success (Ameen)

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024