• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

ارب پتی امریکی جیفری اپسٹن کے خلاف سیکس اسکینڈل کیس ختم

شائع August 31, 2019
جیفری اسٹپن نے جیل میں خودکشی کرلی تھی—فوٹو: اے ایف پی
جیفری اسٹپن نے جیل میں خودکشی کرلی تھی—فوٹو: اے ایف پی

رواں ماہ 10 اگست کو امریکی شہر نیویارک کے علاقے مین ہٹن میں موجود جیل میں خودکشی کرنے والے ارب پتی امریکی شخص جیفری اپسٹن کے خلاف عدالت نے سیکس اسکینڈل ختم کردیا۔

جیفری اپسٹن کو رواں برس جولائی کے آغاز میں درجنوں خواتین کے ’ریپ‘ انہیں بلیک میل کرنے اور انہیں جنسی غلام بنائے رکھنے کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔

69 سالہ جیفری اپسٹن کے خلاف سیکس اسکینڈل کے تحت نیویارک کی فیڈرل کورٹ میں کیس زیر سماعت تھا کہ انہوں نے جیل میں خودکشی کرلی تھی۔

ممکنہ طور پر اگر ان کے خلاف الزامات ثابت ہوجاتے تو انہیں کم سے کم 15 سے 25 برس قید اور جرمانہ ہوسکتا تھا، تاہم انہوں نے سنگین الزامات کے بعد خودکشی کرلی تھی۔

ان کے اسکینڈل کیس میں ملکہ برطانیہ کے بیٹے شہزادہ اینڈریو کا نام بھی سامنے آیا تھا۔

سیکس اسکینڈل میں برطانوی شہزادے کا نام آنے پر تہلکہ مچ گیا تھا اور برطانیہ کے شاہی محل کو اس حوالے سے وضاحت کرنی پڑی تھی۔

شہزادہ اینڈریو پر الزام تھا کہ انہوں نے 1998 سے 2005 کے درمیان جیفری اپسٹن کی جانب سے فراہم کی گئی کم عمر لڑکیوں کے ساتھ جسمانی تعلقات استوار کیے۔

شہزادہ اینڈریو نے چند دن قبل ہی ان الزامات کو مسترد کیا تھا، تاہم اعتراف کیا تھا کہ وہ جیفری اپسٹن کو جانتے تھے۔

اسی کیس میں برطانیہ کی سپر ماڈل ناؤمی کامپبیل کا نام بھی سامنے آیا تھا اور خبریں تھیں کہ انہوں نے بھی جیفری اپسٹن کے ساتھ جسمانی تعلقات استوار کیے تھے۔

تاہم ناؤمی کامپیل نے بھی ان الزامات کو مسترد کردیا تھا اور اپنے وضاحتی بیان میں اس بات پر شکر ادا کیا تھا کہ جنسی غلام بننے سے بچ گئیں۔

کیس کے مرکزی ملزم جیفری اپسٹن کے نہ صرف شہزادہ اینڈریو بلکہ امریکاکے بھی متعدد بااثر سیاستدانوں اور ارب پتی افراد سے تعلقات رہے ہیں۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ ان کی جانب سے عدالت میں دیگر افراد کو بھی اسکینڈل کیس میں شریک ملزم کے طور پر پیش کیا جائے گا، تاہم انہوں نے اپنے خلاف فرد جرم عائد ہونے سے قبل ہی رواں ماہ 10 اگست کو خودکشی کرلی تھی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جیفری اپسٹن کی جانب سے خودکشی کیے جانے کے بعد نیویارک کی فیڈرل کورٹ میں ان کے خلاف دائر سیکس اسکینڈل کی سماعت ہوئی تو جج نے ان کے خلاف مقدمہ ختم کردیا۔

رپورٹ کے مطابق جج نے مختصر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی ملزم کی خودکشی کے بعد وہ قانونی طور پر پابند ہیں کہ ان کے خلاف کیس ختم کردیں۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ عدالت نے جیفری اپسٹن کے خلاف کیس ختم کردیا، تاہم تفتیشی ادارے ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کی تحقیق کرتے رہیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024