• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

'والد نے جس بھی ملک کا انتخاب کیا، لیکن پاکستان میرا گھر ہے'

شائع September 2, 2019
اذان سمیع  نے بطور موسیقار اور لکھاری اپنے کیریئر کا آغاز کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ
اذان سمیع نے بطور موسیقار اور لکھاری اپنے کیریئر کا آغاز کیا —فوٹو/ اسکرین شاٹ

بھارتی شہریت حاصل کرنے والے گلوکار عدنان سمیع خان کو اپنے متنازع بیانات کے باعث اکثر و بیشتر پاکستان میں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

گزشتہ ماہ عدنان سمیع خان نے ٹوئٹر پر ایک پاکستانی صارف کو جواب دیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور تم لوگوں کو ایسی چیزوں میں ٹانگ نہیں اڑانی چاہیے جو تمہاری نہیں، اس پر انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

جہاں عدنان سمیع بھارت منتقل ہونے کے بعد بولی وڈ انڈسٹری میں اپنا نام کمانے میں مصروف ہیں وہیں ان کا اور اہلیہ اداکارہ زیبا بختیار کا بیٹا اذان سمیع خان پاکستانی شوبز انڈسٹری کا تیزی سے ابھرتا ہوا ستارہ مانا جارہا ہے۔

اذان سمیع خان نے اس سال عید پر ریلیز ہونے والی دو بڑی پاکستانی فلموں 'پرے ہٹ لو' اور 'سپر اسٹار' کی موسیقی ترتیب دی۔

مزید پڑھیں: 'پاکستان میں لوگ میرے پتلے جلارہے ہیں'

حال ہی میں بی بی سی کو دیے ایک انٹرویو میں اذان سمیع خان نے اپنے کیریئر اور والد کے ساتھ اپنے تعلق کے حوالے سے بات کی۔

اپنے والد عدنان سمیع خان ہر ہونے والی تنقید کے حوالے سے اذان سمیع خان کا کہنا تھا کہ 'کچھ دن ایسے ہوتے ہیں جب میرے پاس میرے والد کے حوالے سے کئی میسجز آتے ہیں جبکہ کبھی بالکل خاموشی ہوتی ہے، جہاں تک میری بات ہے، میں ہمیشہ اس حوالے سے خاموش رہا، وہ میرے والد ہیں میں ان کی عزت کرتا ہوں، یہ ان کا فیصلہ تھا کہ وہ بھارت جاکر رہیں اور اسے اپنا گھر کہیں، میں اس فیصلے کی عزت کرتا ہوں، البتہ میں نے پاکستان کو اپنا گھر مانا ہے، میں پاکستان میں کام کرنا چاہتا ہوں'۔

بھارت میں کام کرنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ 'بھارت میں میرے بہت سے قریبی دوست موجود ہیں لیکن پاکستان میرا گھر ہے، یہاں کی انڈسٹری میرا گھر ہے، میں بچپن سے یہاں کے لوگوں کے ساتھ ہوں اور مجھے بےحد فخر محسوس ہوگا جب میں یہاں کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے لیے کچھ کرسکوں گا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'میں اپنی والدہ کے ساتھ رہا ہوں لیکن والد سے میرا دوستی کا تعلق ہے، جب بھی مجھے کوئی مشورہ چاہیے ہوتا میں ان کے پاس جاتا لیکن میں انہیں یہ نہیں کہہ سکتا کے کیا صحیح اور غلط ہے'۔

اپنی والدہ اداکارہ زیبا بختیار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ 'میں آج جو کچھ بھی ہوں ان کی وجہ سے ہوں، وہ بے حد ایماندار اور محب وطن خاتون ہیں'۔

اذان عدنان سمیع نے یہ بھی بتایا کہ وہ جلد ایک فلم میں اداکاری کرتے بھی نظر آئیں گے جس کے لیے وہ بےحد پرجوش اور ساتھ ہی نروس بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عدنان سمیع کو ہندوستانی شہریت مل گئی

اس فلم کا نام 'پٹخ دے' رکھا گیا ہے جس کی شوٹنگ کا آغاز رواں سال کے آخر میں ہوجائے گا جس میں ان کے ہمراہ ہانیہ عامر مرکزی کردار نبھائیں گی۔

اذان سمیع نے بطور موسیقار اور لکھاری اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

یاد رہے کہ بھارتی و پاکستانی فلموں کے لیے متعدد گیت گانے والے عدنان سمیع کی شادی پاکستانی اداکارہ زیبا بختیار سے 1993 میں ہوئی تھی، جس کے 4 سال بعد ہی ان دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔

عدنان سمیع پہلی مرتبہ 13 مارچ 2001 میں ایک سال کے وزیٹ ویزے پر بھارت گئے تھے، جس کے بعد ان کے ویزا میں متعدد مرتبہ توسیع کی گئی۔

انہیں 2015 میں بھارتی شہریت دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024