• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

ماہرہ خان کی اداکاری و عمر سے متعلق کہے گئے الفاظ سخت تھے، فردوس جمال

شائع October 1, 2019
شاید میں نےماہرہ خان کے حوالے سے سخت جملے کہے، فردوس جمال—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام
شاید میں نےماہرہ خان کے حوالے سے سخت جملے کہے، فردوس جمال—اسکرین شاٹ/ انسٹاگرام

رواں برس جولائی میں سینیئر اداکار فردوس جمال نے لولی وڈ سپراسٹار ماہرہ خان کے حوالے سے ایک ٹی وی پروگرام میں قدرے سخت بات کرتے ہوئے انہیں عمر رسیدہ قرار دیا تھا۔

جمال فردوس نجی ٹی وی چینل ’اے آر وائی‘ پر نشر ہونے والے اداکار فیصل قریشی کے پروگرام میں ماہرہ خان پر بات کرتے ہوئے اپنی رائے دی تھی اور کہا تھا کہ ان کے خیال میں ماہرہ خان نہ تو اچھی اداکارہ ہیں اور نہ ہی وہ ہیروئن بن سکتی ہیں، اس لیے انہیں اب فلموں میں والدہ کا کردار ادا کرنا چاہیے۔

65 سالہ اداکار نے کہا تھا کہ ان کے خیال میں ماہرہ خان ایک ماڈل ہو سکتی ہیں، تاہم وہ کسی فلم کی ہیروئن جیسی نہیں لگتیں اور یہ کہ شاید ماہرہ خان کی عمر زیادہ ہوگئی ہے، اس لیے اب انہیں فلموں میں ہیروئن کے بجائے ماں کا کردار ادا کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان نہ تو اچھی اداکارہ ہیں، نہ وہ ہیروئن بننے کے قابل ہیں، فردوس جمال

فردوس جمال کے اس بیان کے بعد متعدد اداکاروں اور عام افراد نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا تھا کہ وہ خود عمر رسیدہ ہیں اور ایک نوجوان اداکارہ کو عمر کا طعنہ دے رہے ہیں۔

فردوس جمال کی تنقید کے بعد ماہرہ خان نے بھی انہیں جواب دیا تھا اور کہا تھا کہ 'بطور فنکار میں اپنی انڈسٹری پر فخر محسوس کرتی ہوں، میں اپنے سینئر فنکاروں کی شکرگزار ہوں کہ انہوں نے میری طرح کئی افراد کے لیے راستے ہموار کیے'۔

انہوں نے براہ راست فردوس جمال پر تنقید نہیں کی تھی، تاہم کہا تھا کہ وہ ماں کا کردار ادا کر چکی ہیں اور اب آنے والے وقت میں وہ دادی اور پڑدادی کا کردار ادا کریں گی۔

تاہم اب فردوس جمال نے اپنے پرانے بیان پر وضاحت کرتے ہوئے اسے سخت قرار دیا ہے۔

شاید ماہرہ خان سے متعلق بات کرنے کا وقت بھی غلط تھا، فردوس جمال—اسکرین شاٹ
شاید ماہرہ خان سے متعلق بات کرنے کا وقت بھی غلط تھا، فردوس جمال—اسکرین شاٹ

اے آر وائی کے پروگرام ’ہمارے مہمان‘ میں بات کرتے ہوئے فردوس جمال نے اعتراف کیا کہ ماہرہ خان سے متعلق انہوں نے سخت الفاظ استعمال کیے، تاہم انہوں نے کہا کہ ان کی بات غلط انداز میں لی گئی۔

فردوس جمال نے مزید وضاحت کی کہ شاید انہوں نے غلط وقت میں ماہرہ خان کی عمر اور اداکاری پر بات کی اور ان کے بیان کو سمجھا ہی نہیں گیا۔

اداکار کے مطابق وہ دراصل یہ کہنا چاہ رہے تھے کہ ’ٹی وی، ریڈیو، تھیٹر اور سینما‘ الگ الگ میڈیم ہیں اور لازمی نہیں کہ جو اداکار ٹی وی پر بہترین اداکاری کرے وہ ریڈیو، تھیٹر یا پھر سینما پر بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔

فردوس جمال نے ماہرہ خان کی شہرت کے حوالے سے کہا کہ یہ تو اچھی بات ہے کہ لوگ انہیں چاہتے ہیں اور انہیں پسند کرتے ہیں۔

ماڈل و اداکار میں فرق ہوتا ہے، فردوس جمال

اسی پروگرام میں فردوس جمال نے اداکار و ماڈلز پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ان کی نظر میں کوئی بھی نوجوان اداکار یا اداکارہ بہترین نہیں ہے۔ فردوس جمال نے نوجوان اداکاروں کے حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ابھی اس بات کا شعور نہیں ہے کہ اداکاری کیا چیز ہے؟

انہوں نے نوجوان اداکاروں کو ماڈلز قرار دیا اور کہا کہ اس وقت کام کرنے والے اداکار اور اداکارائیں دراصل اداکار نہیں بلکہ ماڈلز ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں عمران اشرف کی اداکاری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’بھولا‘ کا کردار اتنے اچھے انداز میں نہیں کیا، جس انداز میں دیگر اداکاروں نے اسے کیا۔

انہوں نے عمران اشرف کی اداکاری کو ’ایکٹ‘ قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے دل و جان سے ’بھولا‘ کا کردارادا نہیں کیا۔

ساتھ ہی انہوں کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ نوجوان نسل نے اس طرح کی اداکاری دیکھی ہی نہیں ہے کو وہ اداکاری کو سمجھ سکیں۔

انہوں نے ماڈلنگ اور اداکاری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ایک دوسرے کی ضد ہیں اور اداکاری کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اسکرین پر اداکار خوبصورت دکھائی دے بلکہ اداکاری وہ ہے جس میں کردار دکھائی دے۔

فردوس جمال کی بات کا برا نہیں لگا، عمران اشرف

سینیئر اداکار کی جانب سے اپنی اداکاری کے حوالے سے بات کرنے کے بعد عمران اشرف اعوان نے بھی اپنا بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہیں فردوس جمال کی باتوں کا برا نہیں لگا اور وہ اپنے مداحوں سےبھی گزارش کرتے ہیں کہ وہ سنیئر اداکار کے خلاف کوئی بات نہ کریں۔

عمران اشرف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ گھر کے بڑے اپنے چھوٹوں کو ہدایت کرتے رہتے ہیں اور انہیں اپنے بڑے اداکار کی باتوں کا برا نہیں لگا اور وہ مستقبل میں کوشش کریں گے کہ وہ بہترین اداکاری کریں۔

عمران اشرف نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے گزارش کی کہ وہ فردوس جمال کے خلاف کوئی نامناسب بات نہ کریں، وہ ان کا بہت احترام کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024