• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

بلوچستان: غیرت کے نام پر مرد اور عورت کو ’پھانسی‘

شائع October 14, 2019
لیویز کے مطابق یہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا ہے — فوٹو: شٹراسٹاک
لیویز کے مطابق یہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا ہے — فوٹو: شٹراسٹاک

خضدار: صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں واقع گاؤں میں ایک مرد اور عورت کو غیرت کے نام پر مبینہ طور پر پھانسی دے دی گئی۔

بلوچستان کے ضلع قلات میں لیویز فورس کے مطابق غیرت کے نام پر قتل کا حالیہ واقعہ ضلع کے چھپر گیاوندرا یونین کونسل میں پیش آیا۔

لیویز فورس کے عہدیداروں نے بتایا کہ قتل کیے جانے والے شخص کا نام امداد علی ہے لیکن انہوں نے خاتون کا نام بتانے سے انکار کیا۔

اس حوالے سے ایک عہدیدار نے گاؤں کے رہائشیوں کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا ہے‘، انہوں نے مزید بتایا کہ قتل کے پس پردہ حقائق معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں غیرت کے نام پر بہن اور اس کا ’ساتھی‘ قتل

ساتھ ہی ایک اور عہدیدار نے بتایا کہ کچھ رہائشیوں نے لیویز فورس کو غیرت کے نام پر قتل کے واقعے سے آگاہ کیا تھا۔

بعدازاں سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوع پہنچ کر دونوں لاشوں کو طبی اور قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال قلات منتقل کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں ہر سال درجنوں مرد اور خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کردیا جاتا ہے۔

رواں برس مئی میں بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے میں ایک شخص نے گولی مار کر اپنی والدہ کو قتل کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: مرد و خاتون کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، پولیس کا دعویٰ

یہی نہیں بلکہ صرف کراچی میں رواں برس جون، جولائی اور اگست میں 4 افراد کو غیرت کے نام پر قتل کیا جاچکا ہے جبکہ ان مقتولین میں شامل ایک مرد اور عورت نے اپنی مرضی سے شادی کی تھی۔

غیرت کے نام پر قتل میں سب سے زیادہ تذکرہ شاید ماڈل قندیل بلوچ کے قتل کا رہا جنہیں 2016 میں ان کے بھائی نے گلا گھونٹ کر قتل کردیا تھا۔


یہ خبر 14 اکتوبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024