• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

'دعا ہے اللہ حریم شاہ کو پھر سے فضہ حسین بنادے'

شائع January 3, 2020
حریم شاہ کے والد نے ویڈیو میں عوام سے معافی مانگ لی — فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ
حریم شاہ کے والد نے ویڈیو میں عوام سے معافی مانگ لی — فوٹو: یوٹیوب اسکرین شاٹ

ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک سے مشہور ہونے والی پاکستانی خاتون حریم شاہ کے والد کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ ان تمام افراد سے معافی مانگ رہے ہیں جن کو ان کی بیٹی کی وجہ سے کسی بھی قسم کی پریشانی یا شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ حریم شاہ کچھ متنازع ویڈیوز اور نامور شخصیات کے ساتھ رابطوں کی وجہ سے اس وقت خبروں میں ہیں۔

تاہم حالیہ معاملے کے بعد حریم شاہ کے والد کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں وہ اپنا تعارف ضرار حسین شاہ کے نام سے کروا رہے ہیں۔

تقریباً 12 منٹ دورانیے کی ویڈیو میں انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ حریم شاہ کا اصل نام 'فضہ حسین' ہے۔

ٹک ٹاک اسٹار کے والد کا کہنا تھا کہ ان کے پاس الفاظ نہیں کہ وہ اپنے دکھ کو بیان کرسکیں البتہ انہوں نے ان تمام شخصیات سے معافی مانگی جن کو حریم شاہ کی ویڈیوز سے تکلیف پہنچی۔

ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ 'بحثیت مسلمان ہمارا عقیدہ ہے کہ اللہ جسے چاہے عزت دیتا ہے اور جسے چاہے ذلت دیتا ہے، زندگی خود بھی گناہوں کی سزا دیتی ہے، میں نے اپنی زندگی میں کسی کا دل نہیں دکھایا، بس ایک بار میرے والد مجھ سے ناراض ہوگئے تھے، شاید مجھے تب ہی کوئی بد دعا لگ گئی'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ہم نے اپنی بیٹی کو اچھی تعلیم دلوائی، اس نے اچھے نمبرز حاصل کیے، وہ عالمہ بنی، ایک باپ جو کرسکتا تھا وہ سب میں نے کیا لیکن اس نے مجھے مایوس کیا'۔

ضرار حسین شاہ کا کہنا تھا کہ 'جو لوگ ہمارے خاندان کی ہمارے بزرگوں کی عزت کرتے تھے انہیں یقیناً بہت صدمہ پہنچا، (تاہم) میں کوشش کروں گا کہ ان کے لیے کچھ بہتر کرسکوں'۔

اپنی ویڈیو میں انہوں نے مزید کہا کہ وہ ملک کی قومی سلامتی کے لیے کافی پریشان ہیں کیوں کہ حریم شاہ کی متنازع ویڈیوز کے باعث قوم کی سالمیت داؤ پر لگ گئی ہے۔

اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے حریم شاہ کے والد نے بتایا کہ 'خدا کا شکر ہے میں نے اسے کسی کالج میں تعلیم نہیں دلوائی، ورنہ میرے عزت دار بھائی کہتے کہ ایسی تعلیم کی وجہ سے وہ بگڑ گئی ہے'۔

حریم شاہ کے والد کا کہنا تھا کہ ان کے بچے راتوں کو سو نہیں سکتے لیکن وہ انسان ہیں اور سب کچھ برداشت کر رہے ہیں، لوگ بس دعا کریں کہ اللہ ان کے خاندان کی عزت رکھ لے۔

ضرار حسین شاہ کے مطابق ان کی اللہ سے دعا ہے کہ وہ ان کی بیٹی کو حریم شاہ سے دوبارہ فضہ حسین بنادے۔

دوسری جانب حریم شاہ سے منسوب ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی ان کے والد کی یہ ویڈیو شیئر کی گئی، اس حوالے سے کی گئی ٹوئٹ میں لکھا گیا کہ 'میڈیا اور عوام سے درخواست ہے کہ ان معاملات میں میرے خاندان کو شامل نہ کریں اور میری ذاتی معلومات شیئر نہ کریں'۔

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل انڈیپینڈینٹ اردو نے ایک رپورٹ میں حریم شاہ کے اردو پوائنٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو کے حوالے سے بتایا تھا کہ وہ تقابل ادیان (Comparative Religions) میں ایم فل کر رہی ہیں، ان کی 4بہنیں اور 3 بھائی ہیں جبکہ ان کے والدین دونوں سرکاری افسران ہیں۔

حریم شاہ کے مطابق ان کے اہل خانہ بہت سخت ہیں اور انہیں بالکل سپورٹ نہیں کرتے۔

یاد رہے کہ حریم شاہ کو گزشتہ سال اس وقت مقبولیت ملی تھی جب نامور اینکر مبشر لقمان نے ان پر اور ان کی دوست صندل خٹک پر ان کے نجی طیارے سے سامان چوری کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

یہاں واضح رہے کہ ان دونوں خواتین نے ٹک ٹاک ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر بھی کافی شہرت حاصل کی تھی جبکہ حریم شاہ کی کچھ ویڈیوز اور تصاویر پنجاب کے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے ہمراہ بھی سامنے آئی تھیں۔

مزید پڑھیں: ٹک ٹاک اسٹار کی دفترخارجہ میں موجودگی پر تحقیقات کا آغاز

اس کے علاوہ گزشتہ سال حریم شاہ دفترخارجہ اور اعلیٰ سطح اجلاس کے لیے مختص کمرے میں بھی پہنچ گئی تھیں جہاں انہوں نے ٹک ٹاک ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی، جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ معاملے کی تحقیقات بھی کی گئی تھیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں ان کی ایک اور ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی، جس میں وہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے ٹیلی فون پر بات کررہی تھیں اور ان پر کچھ الزامات بھی عائد کرتی نظر آئی تھیں۔

تبصرے (2) بند ہیں

HonorBright Jan 03, 2020 05:52pm
how is our mulki saalmiyat in danger because of a ticktock star is beyond me..
Khair andaish Jan 03, 2020 09:38pm
Ameen ya Rabb e Kreem..

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024