اپنا 'منی ہائسٹ' بنائیں گے، ہمایوں سعید
نیٹ فلکس پر پوری دنیا کی توجہ حاصل کرنے والی ہسپانوی کرائم سیریز 'منی ہائسٹ' پاکستان میں بھی بے حد مقبول ہوئی۔
جرائم پر مبنی اس شو کے اب تک 3 سیزنز سامنے آچکے ہیں اور مداح اس کے اگلے سیزن کا بےصبری سے انتظار کررہے ہیں۔
اس حوالے سے حال ہی میں 'پڑھ لو' نامی ویب سائٹ نے ایک خبر شائع کی تھی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کے نامور اداکار ہمایوں سعید اپنے ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کی کامیابی کے بعد اس شو کا حصہ بننے جارہے ہیں۔
جس کے بعد اس خبر نے مداحوں کے ساتھ ساتھ شاید خود ہمایوں سعید کو بھی دنگ کردیا تھا۔
جہاں اداکار کی اس سیریز میں کام کرنے کی قیاس آرائیوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے وہیں اب ہمایوں سعید نے خود ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ 'پڑھ لو' کی جانب سے لگائی خبر مذاق پر مبنی تھی۔
ہمایوں سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے اس خبر کو شیئر کیا جبکہ واضح کیا کہ یہ صرف مذاق تھا۔
البتہ اداکار نے اپنے مایوس مداحوں کو محظوظ کرنے کے لیے یہ بھی اعلان کیا کہ 'انشااللہ اپنا منی ہائسٹ بنائیں گے'۔
خیال رہے کہ منی ہائسٹ سیریز کی کہانی ایک ایسے شخص پر مبنی ہے جسے 'پروفیسر' کہا جاتا ہے اور یہ تاریخ کی سب سے بڑی ڈکیتی کی منصوبہ بندی کرتا ہے۔
اس سیزن کی پہلی قسط 2017 میں سامنے آئی تھی۔