45 ممالک کے سینئر فوجی افسران کا گوردوارہ پنجہ صاحب کا دورہ
ٹیکسیلا: نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) کے 45 ممالک کے سینئر فوجی افسران کے وفد نے حسن ابدال میں گوردوارہ پنجہ صاحب کا دورہ کیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایئر وائس مارشل سید صباحت حسن شاہ کی قیادت میں فوجی افسران کا یہ وفد دوست ممالک اور اسلام آباد کے این ڈی یو کے فکیلٹی ممبران پر مشتمل تھا۔
غیر ملکی فوجی افسران نے گوردوارہ کے متعدد حصوں کا دورہ کیا اور سکھ برادری کا مذہبی پتھر بھی دیکھا جس پر سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے ہاتھ کے نشانات ہیں۔
مزید پڑھیں: کامیاب مذاکرات کے بعد مظاہرین گردوارہ ننکانہ صاحب کے باہر سے منتشر
اس موقع پر ایوا کیو ای ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ (ای ٹی پی بی) کے ڈپٹی سیکریٹری آف شرائنز عمران گوندل نے مہمانوں کو سکھ برادری کے لیے گوردوارہ پنجہ صاحب کی اہمیت اور تاریخ کا بتایا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو اپنے مذہب پر چلنے کی مکمل آزادی ہے اور ان کے مذہبی تہوار کو ریاستی سرپرستی میں منایا جاتا ہے۔
انہوں نے زیر تربیت فوجی افسران کو ملک بھر میں اقلیتوں کے مذہبی مقامات پر سہولیات کی فراہمی وغیرہ سے متعلق متعدد ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کی سکھ برادری کہاں ہے؟
انہوں نے کہا کہ بدھ مت، سکھ اور ہندو مت جیسے مختلف مذاہب کا رکھوالا ہونے کے ناطے پاکستان مختلف مذاہب کی مذہبی اہمیت کی حامل عمارتوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہا ہے اور مالی اور سماجی شعبوں میں چیلنجز کے باوجود ان کی مذہبی آزادی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
اس موقع پر ای ٹی پی بی کے چیئرمین ڈاکٹر عامر احمد کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور ای ٹی پی بی ملک میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پر عزم ہیں۔