• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ایئرپورٹ پر کسی نے 'دو ٹکے کی عورت' کہہ کر نہیں بلایا، عائزہ خان

شائع March 3, 2020
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کی نامور اداکارہ عائزہ خان اپنے ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' میں مہوش کا منفی کردار نبھا کر توجہ کا مرکز بنی رہیں۔

کسی نے ان کے اس کردار کو پسند کیا تو کسی نے منفی کردار نبھانے پر اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

ویسے تو 'میرے پاس تم ہو' ڈرامے کو ختم ہوئے کئی روز گزر چکے ہیں، اس کے باوجود ڈرامے کے حوالے سے کوئی نہ کوئی تنازع آئے دن سامنے آتا رہتا ہے۔

خیال رہے کہ اس ڈرامے کے ایک منظر میں مرکزی کردار دانش نے عائزہ کے کردار کو دو ٹکے کی لڑکی کہا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس ڈائیلاگ کو لے کر بھی ایک تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔

عائزہ خان نے اب تک سامنے آئے تنازعات کے حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا تاہم اب اداکارہ نے خاموشی توڑتے ہوئے ان کے حوالے سے افواہیں پھیلانے والوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے چند روز قبل عائزہ خان کو ایئرپورٹ پر دیکھا تھا، جہاں چند مرد اداکارہ کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کررہے تھے۔

صارف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ 'میں ایئرپورٹ پر موجود تھا اور اتفاق سے عائزہ خان کو میں نے وہاں دیکھا، وہ بہت تیزی سے چل رہی تھی اور وہاں موجود مرد چیخ کر اداکارہ کو دو ٹکے کی عورت بلا رہے تھے، مجھے یہ دیکھ کر بے حد غصہ آیا'۔

اس ٹوئٹ کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی، جہاں چند افراد نے اداکارہ سے ہمدردی کی وہیں کچھ نے لکھا کہ اس قسم کے منفی کردار نبھانے کا یہی انجام ہوگا۔

جس کے بعد عائزہ خان نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر لگائی گئی ایک اسٹوری کے ذریعے بتایا کہ ان کے ساتھ ایسا کچھ نہیں ہوا اور سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔

اداکارہ کے مطابق 'مطلب کسی نے کہہ دیا اور پوری دنیا نے یقین کرلیا، کیا کوئی ویڈیو یا کوئی اور ثبوت موجود ہے؟'

عائزہ خان کا کہنا تھا کہ 'لوگ مجھ سے پاگلوں کی طرح محبت کرتے ہیں، میں اللہ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے، اتنی عزت اور پیار مجھے مہوش بن کر ملا ہے، لوگ اس کے بارے میں بات کیوں نہیں کرتے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'حقیقت یہ ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہوا، مجھے حیرانی ہے کہ بلاگرز اور ویب سائٹس مجھ سے پوچھے بغیر اس قسم کی خبریں کیوں شائع کررہی ہیں؟ یہ جھوٹی خبر ہے'۔

عائزہ کے مطابق 'میں ایک بات واضح کردوں، میں ایک اداکارہ ہوں، میں منفرد کردار نبھاتی ہوں اور میں مستقبل میں بھی ایسا کرتی رہوں گی، مجھے اپنے مداحوں سے بےحد پیار ملا ہے'۔

۔
۔

انہوں نے واضح کیا کہ مہوش بننے کا انہیں بہت زیادہ فائدہ ہوا۔

یاد رہے کہ میرے پاس تم ہو کا آغاز اگست 2019 میں ہوا تھا اور اس کی آخری قسط 25 جنوری 2020 کو نشر کی گئی تھی جس میں ڈرامے میں اہم کردار دانش دل کا دورہ پڑنے کے بعد چل بسے تھے، یہ کردار ہمایوں سعید ادا کررہے تھے۔

اس ڈرامے کی کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے تحریر کی جبکہ ہدایات ندیم بیگ نے دیں۔

ڈرامے میں عدنان صدیقی، حرا مانی، سویرا ندیم، انوشے عباسی، مہر بانو، سید محمد احمد اور رحمت اجمل نے اہم کردار نبھائے۔

ڈرامے کی کہانی شادی شدہ جوڑوں کے گرد گھومتی ہے، ڈرامے میں ایک شادی شدہ خاتون کو دوسرے شادی شدہ مرد کے ساتھ تعلقات استوار کرتے ہوئے اور اپنے شوہر سے طلاق حاصل کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

ڈرامے میں دکھایا گیا تھا کہ مہوش (عائزہ خان) ایک غریب گھرانے کی شادی شدہ خاتون ہوتی ہیں جو پیسوں کی لالچ میں اپنے شوہر دانش (ہمایوں سعید) کو دھوکا دے کر ان سے طلاق لے کر امیر شخص 'شہوار' (عدنان صدیقی) سے تعلقات استوار کرکے ان سے شادی کرنے کی خواہش مند ہوتی ہے۔

دونوں کی شادی سے قبل ہی امیر شخص شہوار کی پہلی اہلیہ ماہم (سویرا ندیم) امریکا سے واپس آجاتی ہیں اور مہوش کو بے عزت کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے امیر شوہر کو جیل بھجوا دیتی ہیں۔

ڈرامے کی آخری قسط میں دانش اپنی سابق اہلیہ مہوش کے گھر ان سے ملنے جاتے ہیں تاہم دل کا دورہ پڑنے کے بعد ان کا انتقال ہوجاتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024