• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

فخر عالم کی وزیر اعظم سے ملک میں لاک ڈاؤن کی درخواست

شائع March 21, 2020
انہوں نے ٹوئٹر پر دو ویڈیوز شیئر کیں — فائل فوٹو: ٹوئٹر
انہوں نے ٹوئٹر پر دو ویڈیوز شیئر کیں — فائل فوٹو: ٹوئٹر

کورونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے باعث پاکستان کے نامور اداکار و میزبان فخر عالم نے بھی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملک میں 2 ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن کرنے کی درخواست کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے فخر عالم نے لکھا کہ ’وزیراعظم عمران خان اس سے قبل کہ دیر ہوجائے، میری درخواست ہے کہ لاک ڈاؤن کریں، میں جانتا ہوں آپ اس وقت معاشرتی بدامنی کی وجہ سے پریشان ہوں گے لیکن ہم اس سے کہیں زیادہ خراب صورتحال میں مبتلا ہوسکتے ہیں'۔

اپنی ویڈیو میں فخر عالم کا کہنا تھا کہ ’عمران بھائی ہم سب جانتے ہیں کہ آپ کے دل میں انسانیت کے لیے، انسانوں کے لیے، غریبوں کے لیے، پاکستانیوں کے لیے کیا جگہ ہے، اس میں کوئی شک کی بات نہیں، آپ ایک نیک انسان ہیں اور میں یہ بھی جانتا ہوں کہ اس وقت آپ کی قیادت کو سب سے بڑے چیلنج کا سامنا ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’تاہم میری آپ سے ایک پاکستانی ہونے کی حیثیت سے گزارش ہے، میں غلط بھی ہوسکتا ہوں لیکن ایک طرف سرکار یہ کہہ رہی ہے کہ لوگ گھر پر رہیں، دفاتر نہ جائیں، باہر نہ نکلیں، سماجی فاصلہ اختیار کریں، اس کے نتیجے میں جو غریب طبقہ ہے وہ ویسے ہی متاثر ہورہا ہے‘۔

فخر عالم کے مطابق ’حکومت نے آدھی پالیسی بنائی ہے کہ غریب طبقہ روزی کمانے کے لیے باہر نکل سکتا ہے لیکن باقی لوگ نہیں نکل سکتے ہیں، عمران خان میری آپ سے گزارش ہے کہ آدھی آدھی پالیسی رکھنے کے بجائے ایک پالیسی بنائیے‘۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ دو ہفتوں کے لیے شہروں کے مختلف پوائنس پر راشن بانٹنا شروع کردیں اور کرفیو جیسا لاک ڈاؤن کردیں تو یہ بہتر فیصلہ ہوگا۔

معروف اداکار و میزبان نے کہا کہ سرکاری کارکنان کو دستانے اور ماسک فراہم کیے جائیں جو راشن کو ضرورت مندوں کے گھروں تک منتقل کریں، ساتھ ساتھ اسکولز کی فیس جو والدین کو اس وقت ادا کرنی پڑ رہی ہے وہ معاف کی جائے کیوں کہ اس وقت نہ وہ کام پر جارہے ہیں اور نہ گھروں سے نکل رہے ہیں۔

فخر عالم کا کہنا تھا کہ اس وقت حکومت جو بھی فیصلہ لے گی وہ حتمی ہوگا، یہ نہیں کیا جاسکتا کہ غلط فیصلہ لے لیا اور اس کو بعد میں ٹھیک کریں، اس لیے عمران خان جو بھی فیصلہ لیں سوچ سمجھ کر لیں۔

انہوں نے اپنی ویڈیو کا دوسرا حصہ بھی شیئر کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت یوٹیلٹی بلز معاف کرے تاکہ کسی کو کوئی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

فخر عالم کے مطابق پاکستانیوں کو اگر چھٹیاں مل جائیں تو وہ پکنک پر نکل جاتے ہیں، اس لیے عمران خان ملک میں کرفیو لگائیں تاکہ جانی نقصان سے بچا جاسکے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں اپنے پنجے گاڑنے والا کورونا وائرس اب پاکستان میں بھی کافی تیزی سے پھیل رہا ہے اور یہاں اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 690 سے تجاوز کر گئی ہے۔

صوبہ سندھ جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے وہاں مزید 107 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

اسی طرح اگر ملک بھر میں متاثرین کی تعداد پر نظر ڈالیں تو اب تک 693 ہوگئی ہے، جس میں سندھ کے 359، پنجاب کے 137، بلوچستان کے 104، خیبرپختونخوا کے 23، اسلام آباد کے 10، گلگت بلتستان میں 55 اور ایک آزاد کشمیر کا ایک کیس ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024