مشہور زمانہ کارٹون ’ٹام اینڈ جیری‘ کے ہدایت کار چل بسے
آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی السٹریٹر، اینی میٹر، فلم ہدایت کار اور پروڈیوسر جین ڈیچ 95 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق پبلشر پیٹر ہیمل نے میڈیا کو بتایا کہ جین ڈیچ کا پراگ میں اپنے اپارٹمنٹ میں اچانک انتقال ہوگیا۔
پبلشر پیٹر ہیمل نے میڈیا کو مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
خیال رہے کہ جین ڈیچ کی 1960 میں ریلیز ہوئی شارٹ اینی میٹڈ فلم ’منرو‘ کو آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، جبکہ 1964 میں انہیں اپنی فلم ’ہاو ٹو ایوائڈ فرینڈ شپ‘ اور ’ہیئرز نڈنک‘ کے لیے بھی آسکرز ایوارڈز میں نامزد کیا گیا۔
انہوں نے مشہور زمانہ کارٹون ’ٹام اینڈ جیری‘ کی 13 اقساط کی ہدایات بھی دیں، جبکہ ’پوپائے دی سیلر مین‘ کارٹون سیریز کی کچھ اقساط کی ڈائیریکشن بھی کی تھی۔
مزید پڑھیں: بچوں کے پسندیدہ کارٹون 'ٹام اینڈ جیری' پر بھی فلم بنے گی
وہ مقبول سیریز ’ٹام ٹیریفک‘ بھی بنا چکے ہیں، جبکہ انہوں نے ’سڈنی فیملی ٹری‘ کی مشترکہ پروڈکشن بھی کی، جسے 1958 میں اکیڈمی ایوارڈ میں نامزد کیا گیا۔
جین ڈیچ 8 اگست 1924 کو امریکی شہر شکاگو میں پیدا ہوئے جبکہ وہ 1959 میں جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ منتقل ہوگئے تھے۔
2004 میں انہیں بہترین اینی میشن کے لیے ونسر میکے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
انہوں نے سوگواران میں بیوہ اور 3 بیٹے چھوڑے، ان کے تینوں بیٹے کارٹونسٹ اور السٹریٹرز ہیں۔