گوری رنگت کے اشتہارات مسترد کرنے والی پاکستانی اداکارائیں
پاکستان اور بھارت میں گوری رنگت اور خاص طور پر لڑکیوں کی رنگت کو ان کی کامیابی، اچھی شخصیت اور اچھی ملازمت حاصل کرنے کے لیے اہم سمجھا جاتا ہے۔
اسی لیے برصغیر پاک و ہند میں کئی دہائیوں سے رنگ گورا کرنے والی کریموں کا کاروبار جاری ہے اور ایسی کریمیں تشہیری مہم پر بھی کروڑوں روپے خرچ کرتی ہیں۔
گوری رنگت کرنے والی کریموں کی کمپنیاں کوشش کرتی ہیں کہ وہ تشہیری مہم کے لیے معروف شخصیات کی خدمات حاصل کریں، اس لیے ایسی کریموں کے اشتہارات میں زیادہ تر شوبز شخصیات دکھائی دیتی ہیں۔
تاہم پاکستان سمیت بھارت کی بعض ایسی معروف اداکارائیں بھی ہیں جنہوں نے بھاری معاوضے کی پیش کش کے باوجود گوری رنگت کے اشتہاروں میں کام کرنے سے انکار کیا۔
ایسی پاکستانی اداکاراؤں میں صف اول کی اداکارائیں عائشہ عمر، ماہرہ خان، صنم سعید، حریم فاروق اور گلوکارہ مومنہ مستحسن سمیت دیگر اداکارائیں بھی شامل ہیں۔
یہ انکشاف خود مذکورہ اداکاراؤں و گلوکاراؤں نے کیا اور بتایا کہ انہوں نے اچھی پیش کش کے باوجود رنگت گوری کرنے والی کریموں کے اشتہارات میں کام نہیں کیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے صحافی ہارون رشید نے اپنے ٹوئٹ میں لوگوں سے سوال کیا کہ انہیں کوئی ایسے پاکستانی اور بولی وڈ اسٹارز کے نام بتا سکتا ہے، جنہوں نے گوری رنگت کرنے والی کریموں کے اشتہارات میں کام کرنے سے انکار کیا ہو؟
ہارون رشید کے ٹوئٹ پر جہاں عام افراد نے کمنٹس کیے اور انہیں بتایا کہ بھارتی اداکارہ کنگنا رناوٹ اور رنبیر کپور سمیت دیگر اداکاروں نے بھی ایسے اشتہارات میں کام نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سجل علی کو ’نکھری رنگت‘ کی تشہیر کرنا مہنگا پڑ گیا
وہیں ہارون رشید کے ٹوئٹ پر پاکستانی اداکاراؤں نے بھی کمنٹس کیے اور متعدد اداکاراؤں نے ان کے ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بھی ایسے اشتہارات میں کام نہیں کیا۔
ہارون رشید کے ٹوئٹ پر اداکارہ صنم سعید نے بھی جواب دیا کہ انہوں نے ایسے اشتہارات میں کام نہیں کیا۔
ان کے ٹوئٹ پر اداکارہ عائشہ عمر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی ایسے اشتہارات میں کام نہیں کیا اور نہ ہی وہ ایسے اشتہارات میں کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
عائشہ عمر نے مزید لکھا کہ انہیں ماضی میں ایسے اشتہارات میں کام کرنے کی پیش کش بھی ہوئی، مگر انہوں نے کبھی ایسے اشتہارات میں کام کرنے کا ارادہ نہیں کیا اور نہ ہی مستقبل میں ایسا کرنے کا کوئی رکھتی ہیں۔
اداکارہ ماہرہ خان نے بھی ہارون رشید کے ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے بھی کبھی ایسے اشتہارات میں کام نہیں کیا اور انہوں نے اس وقت سے ایسے اشتہارات میں کام کرنے سے انکار کیا جب وہ ریڈیو پر وے جے تھیں۔
اداکارہ حریم فاروق نے بھی صحافی کے سوال پر بتایا کہ انہوں نے بھی ایسے اشتہارات میں کام نہیں کیا۔
گلوکارہ مومنہ مستحسن نے بھی صحافی کے ٹوئٹ کے جواب میں بتایا کہ انہوں نے بھی کبھی ایسے اشتہارات میں کام نہیں کیا۔
گلوکارہ نے ماہرہ خان کے ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے ہمیشہ رنگ گورا کرنے والی مصنوعات کی پیش کش کو مسترد کیا اور اگر اسی طرح ہم سب ذمہ داری کا مظاہرہ کریں تو مذکورہ انڈسٹری کو ہی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: اشتہارات کے لیے رنگ گورا نہیں کرسکتی: ماڈل مشک کلیم
پاکستانی اداکاراؤں کی جانب سے گوری رنگت کے اشتہارات میں کام نہ کرنے پر جہاں کئی لوگوں نے ان کی تعریفیں کیں، وہیں کچھ افراد نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
بعض افراد نے ادکارہ ماہرہ خان کے خواتین کے غیر ضروری بال ختم کرنے والی کریم کے اشتہار کو جلد کو پرکشش بنانے کا اشتہار قرار دے کر ان پر تنقید کی، تاہم انہوں نے تنقید کرنے والوں کو کوئی جواب نہیں دیا۔
وہیں کچھ افراد نے عائشہ عمر کو بھی ایک صابن کے اشتہار میں کام کرنے کے طعنے بھی دیے۔
تبصرے (1) بند ہیں