• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

سوشل میڈیا پر میرا کوئی اکاؤنٹ نہیں، سب جعلی ہیں، انور مقصود

شائع June 7, 2020
سوشل میڈیا پر میرے نام سے تمام اکاؤنتس جعلی ہیں، انور مقصود
سوشل میڈیا پر میرے نام سے تمام اکاؤنتس جعلی ہیں، انور مقصود

معروف ڈاراما نگار، مزاحیہ تنقید نگار اور مصنف انور مقصود نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کا کوئی اکاؤنٹ نہیں اور ان کے نام سے بنے تمام اکاؤنٹ جعلی ہیں۔

انور مقصد کے نام سے کی جانے والی پوسٹس آئے دن سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی رہتی ہیں، جن میں سیاستدانوں سمیت دیگر اہم شخصیات پر تنقید کی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اس سے بدترین وقت کبھی نہیں دیکھا، انور مقصود

ٹوئٹر اور فیس بک پر ایسے متعدد اکاؤنٹس ہیں جن پر نہ صرف انور مقصود کی تصاویر شیئر کی جاتی ہیں بلکہ وہ اکاؤنٹس ان کے نام سے بنے ہوئے ہیں۔

مذکورہ اکاؤنٹس سے نہ صرف مصنف کی تحریروں کے اقتباسات شیئر کیے جاتے ہیں بلکہ ان کے ذریعے سیاستدانوں، فوجی جرنیلوں، کاروباری شخصیات اور سماجی شخصیات پر بھی بعض اوقات تنقید کی جاتی ہے۔

تاہم اب انہوں نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا سائٹس پر ان کا کوئی اکاونٹ نہیں۔

ڈان اخبار کے مطابق ڈراما نگار نے حال ہی میں اپنے نام سے بنے جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کیے جانے کے بعد وضاحت کی کہ ان کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں۔

انور مقصود نے عوام سے گزارش کی کہ ان جعلی اکاؤنٹس پر یقین نہ کریں اور انہیں یہ اکاؤنٹس ختم کروانے میں مدد فراہم کریں۔

ڈراما نگار و مصنف نے جعلی اکاؤنٹس کو ختم کروانے کے لیے متعلقہ محکموں سے بھی رجوع کرلیا۔

سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس کے حوالے سے انور مقصود کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے، جس میں وضاحت کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ ان کا سوشل میڈیا پر کوئی اکاؤنٹ نہیں۔

مزید پڑھیں: آج بھی اسکرپٹ پر اپنے نام کے ساتھ معین کا نام لکھ دیتا ہوں، انور مقصود

انور مقصود کی وضاحتی ویڈیو صدر مملکت عارف علوی کے صاحبزادے ڈینٹسٹ ڈاکٹر عواب علوی نے شیئر کی، جس میں ڈراما نگار وضاحت کرتے سنائی دیتے ہیں کہ ان کے نام سے بنے تمام اکاؤنٹ جعلی ہیں۔

انور مقصود نے ویڈیو میں بتایا کہ ان کے پاس اسمارٹ فون تک نہیں اور وہ نوکیا کا سادہ موبائل استعمال کرتے ہیں، جس پر وہ میسیج تک درست انداز میں نہیں لکھ پاتے۔

ڈراما نگار اور مصنف نے اپنے نام سے جعلی اکاؤنٹس بنانے والے افراد کو بھی درخواست کی کہ ان کے نام سے یہ حرکت بند کی جائے، انہوں نے انڈسٹری کو 50 سال دیے ہیں، ان کا نام خراب نہ کیا جائے۔

ڈاکٹر عواب علوی نے انور مقصود کے نام سے بنائے گئے ایک جعلی اکاؤنٹ کا لنک شیئر کرتے ہوئے لوگوں کو اس کے خلاف رپورٹ دینے کی درخواست بھی کی، تاہم بعد ازاں مذکورہ اکاؤنٹ نے اپنا یوزر نیم تبدیل کرکے سیاستدان رانا ثناء اللہ کے نام پر رکھ لیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024