ڈپریشن کے باعث 2 بار خودکشی کا سوچا، نازش جہانگیر
نوجوان اداکارہ و ماڈل نازش جہانگیر نے اعتراف کیا ہے کہ ماضی میں سخت ذہنی دباؤ اور پریشانیوں کے باعث کم از کم انہوں نے 2 بار خودکشی کرنے کا سوچا۔
نازش جہانگیر نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں ایک بار پھر ذہنی صحت، ڈپریشن اور نفسیاتی مسائل کے حوالے سے کھل کر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ جب ان کی والدہ کا انتقال ہوگیا تھا تو وہ اکیلی پڑگئی تھیں۔
نازش جہانگیر کے مطابق والدہ کے چلے جانے کے بعد وہ نفسیاتی مسائل اور ڈپریشن کا شکار رہیں اور ان ہی مسائل کی وجہ سے انہوں نے 2 بار اپنی زندگی ختم کرنے کا بھی سوچا۔
ماڈل و اداکارہ کے مطابق 10 سال تک ڈپریشن اور نفسیاتی مسائل میں مبتلا رہنے کے بعد انہوں نے خود کو بدلنے اور اپنے خلاف جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا اور انہوں نے اپنی طرح ڈپریشن کے شکار افراد کو تلاش کرنا اور ان سے بات کرنے کا آغاز کیا اور پھر آہستہ آہستہ ان کی ذہنی صحت بہتر ہونے لگی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مداحوں کو دوسرے لوگوں کا خیال رکھنے، دوسرے کے ذہنی مسائل کو سمجھنے اور دوسروں کے اقدامات کو پرکھنے سے گریز کرنے کی ہدایات بھی کیں۔
نازش جہانگیر نے ماضی میں 2 بار خودکشی کرنے کے فیصلے کی بات ایک ایسے وقت میں کی ہے جب کہ حال ہی میں بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کرلی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: محسن عباس کی اہلیہ نے مجھ پر جھوٹا الزام لگایا، ماڈل نازش جہانگیر
سشانت سنگھ راجپوت نے 14 جون کو اپنے ہے فلیٹ پر خودکشی کرلی تھی، وہ گزشتہ چند ماہ سے سخت ڈپریشن کا شکار تھے، ان کی اچانک خودکشی نے بھارتی فلم انڈسٹری کو ہلا کر ردکھ دیا۔
سشانت سنگھ راجپوت کی جانب سے ڈپریشن کے باعث خودکشی کیے جانے کے بعد بھارت سمیت پاکستانی اداکاروں نے بھی ذہنی صحت پر بات کرنا شروع کیں اور نازش جہانگیر نے بھی ایسے موقع پر ایک بار پھر اپنی ڈپریشن کے حوالے سے بات کی۔
ماضی میں بھی نازش جہانگیر ڈپریشن کا اعتراف کر چکی ہیں اور انہوں نے رواں برس فروری میں اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ ایک دہائی تک ذہنی تناؤ، الجھن اور پریشانیوں کا مقابلہ کرتی رہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ تھا کہ ڈپریشن، تناؤ اور ذہنی الجھن نہ صرف اپنی ذات بلکہ اس کے شکار شخص کے اہل خانہ اور قریبی دوستوں کے لیے بھی تباہ کن ہے اور ایسی بیماری کا پتہ چلنے کے بعد ماہرین صحت سے رجوع کیا جانا چاہیے۔
نازش جہانگیر نے فروری میں ذہنی الجھن اور تناؤ کا اعتراف ایک ایسے وقت میں کیا تھا کہ جب ان پر گزشتہ چند ماہ سے اداکار محسن عباس کے ساتھ مبینہ تعلقات کی وجہ سے الزامات لگائے جا رہے تھے۔
مزید پڑھیں: کیا محسن عباس اور نازش جہانگیر شادی کرنے جارہے ہیں؟
نازش جہانگیر اور محسن عباس کے تعلقات کے حوالے سے گزشتہ برس جولائی میں اس وقت چہ مگوئیاں ہونے لگی تھیں جب کہ محسن عباس پر ان کی اہلیہ فاطمہ ثنا سہیل نے گھریلو تشدد کے الزامات لگاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے شوہر کے تعلقات ماڈل نازش جہانگیر سے بھی ہیں۔
بعد ازاں ایسی خبریں بھی سامنے آئیں کہ جلد ہی نازش جہانگیر اور محسن عباس سہیل شادی کرنے والے ہیں، تاہم بعد ازاں نازش جہانگیر نے خود پر لگے تمام الزامات کو مسترد کردیا تھا۔
نازش جہانگیر نے فاطمہ ثنا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان کے ساتھ ہونے والے مبینہ گھریلو تشدد پر ہمدری کا اظہار کیا تھا۔
بعد ازاں فاطمہ ثنا سہیل اور محسن عباس کے درمیان خلع ہوگیا تھا۔
خیال رہے کہ نازش جہانگیر نے کیریئر کا آغاز 2015 میں تھیٹر ڈرامے سے کیا تھا اور انہوں نے پہلی بار انور مقصود کے کراچی میں چلنے والے تھیٹر میں کام کیا تھا۔
بعد ازاں نازش جہانگیر نے 2017 میں ڈرامے بھروسہ سے اداکاری کی شروعات کی، جس کے بعد ان کا ڈراما گلی میں چاند نکلا، خطاکار اور دیگر ڈرامے سامنے آئے۔