• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اسٹاک ایکسچینج حملے سے متاثرہ افراد کے لواحقین کی امداد کے لیے فنڈ کا اعلان

شائع July 3, 2020
پی ایس ایکس بورڈ نے گھناؤنے اور بزدلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ فائل فوٹو:اے ایف پی
پی ایس ایکس بورڈ نے گھناؤنے اور بزدلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ فائل فوٹو:اے ایف پی

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اسٹاک ایکسچینج کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ کی مالی مدد کے لیے فنڈ قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بورڈ نے گھناؤنے اور بزدلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی، ساتھ ہی بورڈ نے نشاندہی کی کہ یہ ایسا حملہ تھا جس نے نہ صرف بے گناہ لوگوں کو بلکہ پاکستان کے معاشی استحکام اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

بورڈ نے سیکیورٹی اہلکاروں کی بہادری کی تعریف کی جنہوں نے اسٹاک ایکسچینج اور پاکستان کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا۔

مزید پڑھیں: کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت پر حملہ، تمام 4 دہشت گرد ہلاک

اس کے علاوہ بورڈ نے پی ایس ایکس انتظامیہ کی تعریف بھی کی جس نے مؤثر انداز میں سیکیورٹی پروٹوکول پر عمل درآمد کیا۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ اس طرح کے واقعے کے باوجود مارکیٹ نے ایک منٹ کے لیے بھی کام کرنا نہیں چھوڑا اور تمام بحالی اور کاروباری تسلسل کے اقدامات بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے۔

انہوں نے شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو جو تکلیفیں پہنچیں اس کو تسلیم کیا اور کہا کہ پی ایس ایکس ملک کی سب سے بڑی سرمایہ مارکیٹ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں سے پوری طرح واقف ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی عملی اور پائیدارانہ مدد کریں گے جبکہ اس مقصد کے لیے پی ایس ایکس ایک فنڈ قائم کرے گا، جس میں ایک کروڑ روپے کا عطیہ دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے بروکرز، دیگر کیپیٹل مارکیٹ تنظیموں اور اداروں سے بات چیت کی ہے اور انہوں نے اس کوشش کی حمایت کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اس کے علاوہ پی ایس ایکس عملہ اور ڈائریکٹرز نے بھی انفرادی حیثیت سے ان کے تعاون کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

علاوہ ازیں پی ایس ایکس بورڈ کے چیئرمین سلیمان مہدی نے اس امید کا اظہار کیا کہ فنڈ کے حجم میں وقت کے ساتھ ساتھ خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ 'یہ پاکستان پر حملہ تھا اور ہم تمام تنظیموں اور افراد سے درخواست کریں گے کہ وہ آگے بڑھیں اور ہمارے ساتھ شامل ہوں'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ہم سندھ حکومت اور گورنر کے ان بہادر سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کرنے پر شکر گزار ہیں'، ساتھ ہی وہ بولے کہ فنڈ کے قیام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ متاثرین کے اہلخانہ کو مستقل مالی مدد ملے۔

یہ بھی پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، 100 انڈیکس میں 467 پوائنٹس کا اضافہ

پی ایس ایکس بورڈ نے کہا ہے کہ مالی اعانت کسی جانی نقصان یا شدید زخمی ہونے کا معاوضہ نہیں تاہم پی ایس ایکس پریشانیوں کو کم کرنے اور ڈیوٹی کے سلسلے میں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والوں کے اہل خانہ کی مالی مشکلات کو دور کرنے میں معاونت کرے گا۔

اس کے علاوہ پی ایس ایکس طبی اخراجات میں بھی حصہ ڈالے گا اور دونوں زخمی گارڈز کی تنخواہوں کی ادائیگی جاری رکھے گا جب تک کہ وہ اپنے فرائض کی بحالی کے قابل نہ ہوں۔

پی ایس ایکس نے سینئر سول اور فوجی عہدیداروں، غیر ملکی سفارت کاروں اور بین الاقوامی اور سول تنظیموں کے نمائندوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے حملے کی مذمت کے لیے اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور تعزیتی پیغامات بھیجے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024