• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

می ٹو ٹرینڈ کا آغاز کرنے والی امریکی اداکارہ کا کورونا اینٹی باڈیز ٹیسٹ مثبت آنے کا انکشاف

شائع August 7, 2020
امریکی اداکارہ کے مطابق یہ بیماری دھوکا نہیں ہے — فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس
امریکی اداکارہ کے مطابق یہ بیماری دھوکا نہیں ہے — فوٹو: ایسوسی ایٹڈ پریس

امریکی اداکارہ، پروڈیوسر اور ٹوئٹر پر 'می ٹو' ٹرینڈ کا آغاز کرنے والی ایلسا میلانو نے انکشاف کیا ہے کہ کورونا وائرس اور اینٹی باڈیز کے مجموعی طور پر 3 ٹیسٹ منفی آنے کے بعد اب ان کا کورونا وائرس اینٹی باڈیز کا ٹیسٹ مثبت آگیا۔

خیال رہے کہ می ٹو مہم کا آغاز دنیا بھر میں اکتوبر 2017 میں ہوا تھا جب ہولی وڈ کی نامور خواتین نے سامنے آکر پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن پر جنسی ہراساں اور ریپ کرنے کے الزامات لگائے تھے اور ان پر یہ الزامات مجموعی طور پر 100 خواتین نے لگائے تھے۔

اسی حوالے سے امریکی اداکارہ ایلسا میلانو نے ٹوئٹر پر ’می ٹو‘ (MeToo#) یعنی ’میں بھی‘ کے عنوان سے ایک ٹرینڈ کا آغاز کیا تھا۔

تاہم اب اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر یہ انکشاف کیا اور کووڈ-19 ٹیسٹ منفی آنے کی وجہ ٹیسٹنگ کے ناقص نظام کو قرار دیا۔

مزید پڑھیں: ’می ٹو‘: جنسی طور پر ہراساں ہونے والی خواتین کی مہم نے دنیا کو ہلا دیا

ایلسا میلانو نے انسٹاگرام پر آکسیجن ماسک کے ساتھ تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی لکھا کہ 'دو ہفتے تک بیمار رہنے کے بعد 2 اپریل کو یہ میں تھی'۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

انہوں نے لکھا کہ 'میں کبھی اس طرح بیمار نہیں ہوئی تھی، جسم میں شدید درد تھا، سونگھنے کی حس ختم ہوگئی تھی'۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ مجھے ایسا محسوس ہوا تھا جیسے ہاتھی میرے سینے پر بیٹھا ہوا ہے، میں سانس نہیں لے سکتی تھی، کھانا نہیں کھا پاتی تھی، 2 ہفتوں میں میرا 9 پاؤنڈز وزن کم ہوگیا تھا۔

 انہوں نے کہا کہ وہ الجھن کا شکار تھیں کہ انہیں کم درجے کا بخار تھا اور شدید سردرد تھا۔

ایلسا میلانو نے لکھا کہ 'مجھ میں کورونا وائرس کی ہر علامت موجود تھی، مارچ کے بالکل آخر میں، میں نے کورونا وائرس کے 2 ٹیسٹس کروائے تھے اور دونوں ہی منفی آئے تھے'۔

انہوں نے کہا کہ جب میری طبیعت کچھ بہتر ہوئی تو میں نے کووڈ اینٹی باڈی ٹیسٹ بھی کرایا جو منفی آیا۔

اپنی پوسٹ میں اداکارہ نے کہا کہ 4 ماہ تک جاری رہنے والی علامتوں، جن میں چکر آنا، دل کی دھڑکن اچانک تیز ہوجانا، سانس لینے میں تکلیف اور یادداشت کی قلیل المدتی خرابی (شارٹ ٹرم میموری لاس) شامل تھیں، میں نے کورونا وائرس اینٹی باڈی کا ایک اور ٹیسٹ کروایا۔

یہ بھی پڑھیں: ’می ٹو‘ ٹرینڈ کا آغاز کرنے والی خواتین سال کی بہترین شخصیت قرار

ایلسا میلانو نے لکھا کہ میرا کووڈ اینٹی باڈیز کا دوسرا ٹیسٹ مثبت آیا، مجھے کورونا وائرس تھا، میں صرف آپ کو آگاہ کرنا چاہتی تھی کہ ہمارا ٹیسٹنگ کا نظام ناقص ہے اور ہم اصل تعداد نہیں جانتے۔

امریکی اداکارہ نے لکھا کہ میں یہ بھی چاہتی ہوں کہ آپ جان لیں کہ یہ بیماری دھوکا نہیں ہے، میں نے سوچا کہ میں مررہی ہوں، مجھے محسوس ہوا کہ جیسے میں مررہی تھی۔

انہوں نے اپنے مثبت اینٹی باڈی ٹیسٹ نتائج کی تصویر بھی شیئر کی اور بتایا کہ وہ اپنا پلازما عطیہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں تاکہ دوسروں کی مدد کی جاسکے۔

ایلسا میلانو نے اپنے انسٹاگرام فالوورز کو ہدایت کی کہ اپنے ہاتھ دھوئیں، ماسک پہنیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، میں نہیں چاہتی کہ کوئی بھی ویسا محسوس کرے جیسا میں نے محسوس کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایلسا میلانو نے انسٹاگرام پر اعلان کیا تھا کہ اسٹکام 'ہو از دی باس' دوبارہ شروع ہونے جارہا ہے۔

اپنی پوسٹ میں اداکارہ نے لکھا تھا کہ میں ایک عرصے سے یہ شیئر کرنا چاہتی تھی اور اب میں سمجھتی ہوں کہ یہ بتانے کا صحیح وقت ہے کہ یہ حیران کن کردار آج کہاں ہیں، میں بہت خوش ہوں۔

'ہو از دی باس' 8 سیزنز پر مشتمل تھا جو 1984 سے 1992 تک نشر ہوئے تھے اور اس میں ایلسا میلانو نے سمانتھا میسیلی کا کردار ادا کیا تھا۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024